کراچی(این این آئی)ملک میں گھی اور خوردنی تیل کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا، خوردنی تیل کی ترسیل کرنے والے ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث سپلائی کا نظام متاثر ہونے کا امکان ہے۔
چیئرمین ایڈیبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن بختاور خان کے مطابق خوردنی تیل کی ترسیل کرنے والے ٹینکرز گزشتہ 10 روز سے ہڑتال پر ہیں، جس کے باعث اگر صورتحال برقرار رہی تو ملک میں گھی اور خوردنی تیل کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل روزمرہ خوراک کا بنیادی جزو ہے اور اس کی ترسیل میں رکاوٹ سے مارکیٹ میں سپلائی متاثر ہونے کے ساتھ قیمتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔بختاور خان کا کہنا تھا کہ 10 ویلر ٹینکرز کو مناسب وزن فراہم کیا جائے۔ ان کے مطابق ایڈیبل آئل کا 10 ویلر ٹینکر 60 ٹن وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس سے خوردنی تیل کے لوڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔
چیئرمین ایڈیبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ ٹینکرز سے متعلق پابندیاں ختم کرکے مسائل فوری حل کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں معاملے کے حل کی امید ہے۔بختاور خان نے خبردار کیا کہ اگر اجلاس میں مسائل حل نہ ہوئے تو ٹینکرز کی ہڑتال جاری رہے گی، جس سے خوردنی تیل کی سپلائی مزید متاثر ہونے اور ملک میں گھی و تیل کی قلت کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔



















































