اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کی منظوری نہ ہونے پر 15 اگست سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر سے ڈیلرز کے اجلاس میں مشاورت کے بعد پیٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہڑتال کا آغاز 15 اگست کی صبح 6 بجے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول کی فراہمی معطل رہے گی۔پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ ڈیلرز کا صبر جواب دے چکا ہے اور تقریباً 14 ہزار اراکین کی جانب سے شدید دباؤ ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے مطالبات پر عملی پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں پمپس دوبارہ کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔
ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین انور کمال نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حکومت نے ڈیلرز سے رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع کے مارجن میں اضافے یا دیگر مطالبات کے حوالے سے حکومت نے اب تک کوئی واضح پیش رفت بھی نہیں بتائی۔ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مطالبات پر سنجیدہ مذاکرات اور قابلِ عمل فیصلہ ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار رہے گا۔



















































