اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اٹلس ہونڈا نے پاکستان میں اپنی سب سے زیادہ مقبول موٹرسائیکل ہونڈا سی ڈی 70 کا نیا 2026 ماڈل متعارف کرا دیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے ماڈل میں روایتی اعتماد، بہتر ایندھن بچت اور روزمرہ استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف خصوصیات برقرار رکھی گئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق نئی ہونڈا سی ڈی 70 صارفین کے لیے نیلے، سرخ اور سیاہ رنگوں میں دستیاب ہوگی، تاکہ خریدار اپنی پسند کے مطابق رنگ کا انتخاب کر سکیں۔
موٹرسائیکل میں 4 اسٹروک او ایچ سی ایئر کولڈ انجن نصب کیا گیا ہے، جو بہتر فیول ایوریج اور ہموار کارکردگی فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ روایتی کک اسٹارٹ سسٹم بھی برقرار رکھا گیا ہے۔
نئے ماڈل میں 4 اسپیڈ کانسٹنٹ میش گیئر باکس، ملٹی پلیٹ ویٹ کلچ اور بیک بون فریم شامل ہے۔ اگلے پہیے کا سائز 2.25-17 جبکہ پچھلے پہیے کا سائز 2.50-17 رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ موٹرسائیکل میں 8.5 لیٹر گنجائش کا فیول ٹینک دیا گیا ہے، جس میں ایک لیٹر ریزرو فیول کی سہولت بھی موجود ہے۔
اٹلس ہونڈا کے مطابق ان تکنیکی خصوصیات کا مقصد موٹرسائیکل کو زیادہ مضبوط، بہتر توازن رکھنے والی اور سڑک پر مؤثر گرفت فراہم کرنے کے قابل بنانا ہے، تاکہ یہ شہری سفر کے ساتھ ساتھ لمبے روٹس پر بھی بہتر کارکردگی دکھا سکے۔
کمپنی نے ہونڈا سی ڈی 70 (2026) کی ملک بھر میں ایکس فیکٹری قیمت ایک لاکھ 59 ہزار 900 روپے مقرر کی ہے۔
آٹو ماہرین کا کہنا ہے کہ ہونڈا سی ڈی 70 اپنی کم فیول کھپت، دیکھ بھال پر نسبتاً کم اخراجات اور مضبوط ری سیل ویلیو کی بدولت پاکستانی صارفین کی اولین پسند سمجھی جاتی ہے۔
دریں اثنا اٹلس ہونڈا نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں کمی کا دعویٰ کیا جا رہا تھا۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ فی الحال قیمتوں میں کسی قسم کی کمی کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔



















































