اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے،
جس کے بعد اس کی نئی قیمت کا اطلاق فوری طور پر ہو گیا۔رپورٹس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 98 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔ اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 298 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 297 روپے 17 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔دوسری جانب حکومت پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر چکی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی مزید مہنگا کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ، گھریلو استعمال اور دیگر شعبوں میں اخراجات بڑھنے کے خدشات بھی پیدا ہو گئے ہیں۔



















































