اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) Canva کے مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے جنرل منیجر احمد اقبال نے کہا ہے کہ کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نئی برانڈ شناخت تیار کرنے میں تعاون کی خواہاں ہے اور اس مقصد کے لیے قومی سطح پر ایک ڈیزائن مقابلہ منعقد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
لنکڈ اِن پر جاری اپنی پوسٹ میں احمد اقبال نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے پی آئی اے کی نئی قیادت تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس تجویز کی کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں، تاہم انہیں امید ہے کہ ان کا پیشہ ورانہ نیٹ ورک متعلقہ حکام تک یہ پیغام پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایک دور تھا جب پی آئی اے پاکستان کی ترقی، وقار اور فضائی شعبے میں مہارت کی علامت سمجھی جاتی تھی۔ ان کے مطابق قومی ایئرلائن نے نہ صرف کئی ممالک کے پائلٹس کی تربیت کی بلکہ مختلف ریاستوں کو اپنی قومی ایئرلائنز قائم کرنے میں بھی معاونت فراہم کی، جس سے پاکستان خطے میں ایک اہم فضائی مرکز کے طور پر ابھرا۔احمد اقبال کا کہنا تھا کہ 2026 میں نئی ملکیت اور انتظامیہ کے تحت پی آئی اے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہی ہے، اور نئی قیادت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ عوام کا اعتماد عملی اقدامات سے حاصل کیا جاتا ہے، محض دعووں سے نہیں۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ Canva اپنے خرچ پر ایک قومی ڈیزائن مقابلہ منعقد کرے، جس میں پاکستانی تخلیق کاروں کو پی آئی اے کی نئی شناخت تیار کرنے کا موقع دیا جائے۔ ان کے مطابق اس مقابلے کے فاتحین کے لیے پرکشش انعامات بھی رکھے جائیں گے۔احمد اقبال نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت پی آئی اے کے لیے نیا لوگو، برانڈ گائیڈ لائنز، طیاروں کی نئی بیرونی ڈیزائننگ (لیوری) اور ری لانچ کے لیے مکمل مارکیٹنگ مہم تیار کی جا سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ Canva پر دنیا بھر کے صارفین روزانہ اسی نوعیت کے تخلیقی منصوبوں پر کام کرتے ہیں، لیکن اس مرتبہ مقصد ایک ایسے قومی ادارے کو نئی شناخت دینا ہوگا جس سے لاکھوں پاکستانیوں کی یادیں اور جذبات وابستہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ مکمل طور پر ’’پاکستانیوں کے ذریعے، پاکستان کے لیے‘‘ ہوگا، جس کا مقصد مقامی ڈیزائن ٹیلنٹ کو فروغ دینا اور قومی برانڈنگ میں عوامی شمولیت کو یقینی بنانا ہے۔احمد اقبال کے مطابق Canva اس منصوبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، تاہم اس سے قبل پی آئی اے کی قیادت کے ساتھ مشاورت ضروری ہے تاکہ اس تجویز کے عملی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس پی آئی اے کی متعلقہ انتظامیہ تک رسائی ہے تو وہ ان کا تعارف کروانے یا براہِ راست رابطہ ممکن بنانے میں مدد کرے۔اپنی پوسٹ کے اختتام پر احمد اقبال نے بتایا کہ شیئر کیا گیا تصوراتی ڈیزائن Canva اور Affinity سافٹ ویئر کی مدد سے ایک ایسے شخص نے تیار کیا ہے جو پیشہ ور ڈیزائنر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک عام فرد ایسا تصور پیش کر سکتا ہے تو پاکستان بھر کے تخلیق کار مل کر اس سے کہیں بہتر کام انجام دے سکتے ہیں۔



















































