اسلام آباد(نیوز ڈ یسک) سعودی حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے ایک نئی پیش رفت کرتے ہوئے پاکستان سمیت سات ممالک کے شہریوں کے لیے پائلٹ ٹورسٹ پیکج ویزا سروس کا آغاز کر دیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد غیر ملکی سیاحوں کے لیے سعودی عرب کا سفر مزید آسان اور تیز بنانا ہے۔سعودی وزیرِ سیاحت احمد الخطیب کے مطابق مملکت کے ویژن 2030 کے تحت سیاحت کے شعبے میں مسلسل اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر الیکٹرانک ویزا، ویزا آن ارائیول اور ٹرانزٹ ویزا کے بعد اب سیاحتی پیکج ویزا بھی متعارف کرایا گیا ہے۔حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اس نئی سہولت سے پاکستان، مصر، انڈونیشیا، میکسیکو، بھارت، بنگلادیش اور اردن کے شہری استفادہ کر سکیں گے۔ یہ پروگرام فی الحال آزمائشی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے۔نئے نظام کے تحت وہ افراد جو منظور شدہ ٹریول کمپنیوں کے ذریعے مکمل سیاحتی پیکج حاصل کریں گے، ان کی ویزا درخواستوں پر تیز رفتاری سے کارروائی کی جائے گی اور زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کرنے کی کوشش کی جائے گی۔سیاحتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سعودی عرب نہ صرف عالمی سیاحت میں اپنی پوزیشن مضبوط کرے گا بلکہ بیرونی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی روابط کو بھی فروغ ملے گا۔
پاکستانی شہریوں کے لیے بھی اس اسکیم کے بعد مملکت کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی مقامات کی سیر پہلے سے زیادہ آسان ہونے کی توقع ہے۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ویزا نظام کو جدید ڈیجیٹل سہولیات سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، جبکہ اس پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد مستقبل میں اسے مزید ممالک تک وسعت دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔



















































