اسلام آباد(نیوز ڈ یسک)سعودی عرب نے پاکستان سمیت مختلف ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے سفری عمل کو مزید آسان بنانے کی غرض سے نیا ڈیجیٹل “پیکیج ویزا” نظام متعارف کرا دیا ہے،
جس کے ذریعے متعدد سفری خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔سعودی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق اس جدید نظام کے تحت درخواست گزار ایک ہی جگہ سے ویزا درخواست جمع کرانے کے ساتھ فلائٹ، ہوٹل اور دیگر سفری سہولیات بھی بک کر سکیں گے، جس سے الگ الگ انتظامات کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔نئے نظام کے مطابق اہل مسافر منظور شدہ ٹریول سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ذریعے مکمل ٹریول پیکیج حاصل کرتے ہوئے ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ ان پیکیجز میں سیاحتی مقامات کی سیر، تفریحی سرگرمیاں اور مختلف ایونٹس بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مملکت میں سیاحت کو فروغ دینے اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفر کو زیادہ آسان اور منظم بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق اس نئے ڈیجیٹل نظام سے ویزا اور سفری انتظامات پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سہل ہو جائیں گے۔سعودی عرب پاکستانی شہریوں کے لیے اہم ترین بیرونِ ملک مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال لاکھوں افراد حج، عمرہ، ملازمت، کاروبار اور سیاحت کی غرض سے سفر کرتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2024 کے دوران تقریباً 27 لاکھ پاکستانی سعودی عرب گئے، جبکہ 2025 میں یہ تعداد بڑھ کر 28 لاکھ 70 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیا “پیکیج ویزا” سسٹم پاکستانی مسافروں کے لیے بھی سفر کو مزید آسان اور سہل بنائے گا۔سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ اس سہولت کا آغاز ابتدائی مرحلے میں منتخب بین الاقوامی ٹریول کمپنیوں کے ذریعے کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ مرحلوں میں اس نظام کا دائرہ مزید ممالک اور ٹریول پارٹنرز تک وسیع کیا جائے گا۔



















































