لاہور( این این آئی)پاکستان میں موجود 7 لاکھ 50 ہزار افغان مہاجرین کا رجسٹریشن کی تجدید نہ کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے،لاکھوں افغان مہاجرین کہاں گئے اس کی کھوج شروع کر دی گئی۔نادرا اور ایف آئی اے میں موجود افغانیوں کا ڈیٹا تھانوں کو دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزارت داخلہ نے غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔
حکام کے مطابق گرفتار کرنے والی پولیس افغان مہاجرین کو خود سرحد پر لے جا کر بے دخل کرے گی۔2006 سے 2023 تک 35 لاکھ 7 ہزار 295 افغانیوں نے رجسٹریشن کرائی، نادرا ریکارڈ کے مطابق 13لاکھ 3 ہزار 636 افغان شہری وطن واپس گئے تاہم 7 لاکھ 42 ہزار 942 افغان شہری رجسٹریشن کی تجدید کرانے نہیں آئے۔اعداد وشمار کے مطابق قانونی پروف آف رجسٹریشن رکھنے والوں کی تعداد 14 لاکھ 60 ہزار 717 ہے۔ حکام کو غائب ہونے والے افغان شہریوں کے غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔