اسلام آباد (این این آئی)حکو مت کی طرف سے چالیس ہزار روپے ماہانہ سے کم آمدن والے شہریوں کو وزیر اعظم سستا پٹرول سکیم کے تحت 2000روپے دینے
کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن سے مشروط کر دیا گیا ۔حکومت کی طرف سے بتائے گئے طریقہ کار کے مطابق 786پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیجنے والے
اکثر شہریوں کو پہلے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ایک صارف کی جانب سے 786پر بھیجے گئے ایس ایم ایس کے جواب میں بتایاگیا ہے کہ
آپ کا سروے میں ریکار ڈ موجود نہیں ہے لہذا آپ اپنے قریبی بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے دفتر میں قائم رجسٹریشن ڈیسک پر جا کرسروے میں اپنا اندراج کروائیں
تاکہ وزیراعظم کی سستا پٹرول ، سستا ڈیزل سکیم کیلئے آپ کی اہلیت کا تعین کیا جاسکے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل حکومتی وزراء کی جانب سے عوام کو بتایاگیاتھا کہ
چالیس ہزار روپے ماہانہ سے کم آمدن والے شہریوں کو دو ہزار روپے ماہانہ ملیں گے تاکہ انہیں پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بدلے ریلیف مل سکے ۔