لاہور (این این آئی) نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے عالمی تبلیغی مرکزرائے ونڈ کا دورہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے عالمی تبلیغی جماعت کے علما کرام مولانا احمد لاٹ، مولانا فاروق اور دیگر اکابرین سے ملاقات کی۔ وزیراعلی محسن نقوی کو دین اسلام کی تبلیغ کے لئے سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغی جماعت دین اسلام کی تبلیغ کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے، علما کرام کی دین اسلام کیلئے خدمات کو سراہتے ہیں۔اللہ تعالی کے دین کو پھیلانے والے دین اوردنیا دونوں کما رہے ہیں۔ مولانا احمد لاٹ اور مولانا فاروق نے عالم اسلام کے اتحاد، دین اسلام کی سر بلندی، امن اور استحکام کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر عالمی تبلیغی مرکز میں مسجد نبویؓ کے ماڈل پر 10 لاکھ نمازیوں کے لئے مسجد تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے مسجد نبویؓ کے ماڈل پر مسجد کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی بھی نیک کام میں برکت ڈالتے ہیں۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس تجویز پر ابتدائی بات ہوئی ہے اور انشا اللہ یہ نیک کام آگے بڑھے گا۔اس موقع پر مسجد کی تعمیر کے لئے نیت کرنے پر خصوصی دعا کی گئی۔ عالمی تبلیغی جماعت کے ڈاکٹر ندیم اشرف، امتیاز غنی، انوار غنی، میاں احسن، صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر، صنعتکار گوہر اعجاز، کمشنر لاہور ڈویژن اور دیگر اکابرین بھی اس موقع پر موجود تھے۔