واشنگٹن(این این آئی )ایک ارب پتی شخص نے اپنی کمپنی ہی ایک ٹرسٹ کو عطیہ کردی ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔میڈیارپورٹس کے مطابق 83 سالہ Yvon Chouinard نے زمین کو بدلتے موسموں کے
اثرات سے بچانے کے لیے اپنی کمپنی Patagonia کی ملکیت ایکفلاحی ٹرسٹ کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔Yvon Chouinard ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز کے مالک ہیں جبکہ ان کی کمپنی کی مالیت 3 ارب ڈالرز ہے۔انہوں نے کمپنی کی ویب سائٹ پر شائع ایک کھلے خط میں کہا کہ ہم نے کمپنی کے اثاثوں کو زمین کے تحفظ کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ اس سے ایک نئی قسم کی سرمایہ کاری کا آغاز ہوگا اور مزید امیر افراد اس طرح کے عطیات کریں گے۔اس کمپنی کا صدر دفتر امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہے اور یہ ہر سال ایک ارب ڈالرز سے زیادہ مالیت کا سامان فروخت کرتی ہے۔اس کمپنی کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ اب زمین ہی ہماری واحد شیئر ہولڈر ہے۔Patagonia نجی کمپنی کے طور پر اپنا کام جاری رکھے گی مگر اب Yvon Chouinard اور ان کا خاندان اس کمپنی کا مالک نہیں رہے گا۔