اسلام آباد (آن لائن) وزارت تجارت نے ایران اور افغانستان سے پیاز، ٹماٹر درآمد کرنے کی سمری تیار کرلی۔وفاقی وزیر تجارت نوید قمر کی زیر صدارت ملک میں ٹماٹر اور پیاز کی دستیابی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔وزارت تجارت نے ٹماٹر ، پیاز کی قلت اور اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ٹماٹر ،
پیاز کی درآمد پر لیویز اور ڈیوٹیزمیں چھوٹ دینے کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو تجاویز بھجوا دی ہیں ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ تین ماہ میں ملک کو ٹماٹر اور پیاز کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا، حالیہ سیلاب نے فصلوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے جس کے نتیجے میں ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور قلت متوقع ہے، پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کو مزید آسان بنانے کے لیے وزارت تجارت، وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق اور ایف بی آر مل کر کام کریں گے۔ پرائیویٹ سیکٹر دونوں اشیاء کو سپلائی اور درآمد کرتی ہے۔اجلاس میں شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹماٹر اور پیاز کی فوری درآمد سے اشیاء کی قیمتوں میں استحکام اور مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی جبکہ مارکیٹ میں اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ صورت حال کی کڑی نگرانی پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔اجلاس میں ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر لیویز اور ڈیوٹیز میں چھوٹ کی اجازت دینے کا معاملہ بھی زیر غور آیا ،اجلاس کے شرکاء نے متعدد تجاویزاقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوانے پراتفاق کیا ہے۔اجلاس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ ایران اور افغانستان سے درآمدات سے زرمبادلہ پر کم سے کم اثر پڑے گاکیونکہ ان ممالک کے ساتھ تجارت پر خصوصی انتظامات موجود ہے، وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے کہا کہ ٹماٹر اور پیاز کی صارفین کو دستیابی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور ان کی قیمتوں میں استحکام کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔تجارتی مشیروں اور تجارتی اتاشیوں کے ذریعے وزارت تجارت کم سے کم وقت میں انتظامات کرنے کے لیے بیرون ملک غیر ملکی حکومتوں سے رابطے میں ہے۔ وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ملک میں غذائی تحفظ کی صورتحال کی نگرانی جاری رکھے گی اور ملک میں خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔