لاہور( این این آئی)اداکارو ماڈل علی سفینانے اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کے بارے میں اہم انکشاف کیا ہے جس کے مطابق ماضی میں
کیپٹن نوید کا تعارف میرا کے بھائی کے طور پر کرایا گیا تھا ۔ ایک نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کے دوران علی سفینانے بتایا کہ ہم ایک شو کررہے تھے
جس کا نام ”میرا کا پتی ”تھا اور میرا کا شوہر بننے کے لئے ملک بھر سے بے شمار لوگوں نے رابطہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ 12لوگوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا
جو میرا سے بے پناہ محبت کرتے تھے ۔ اس وقت کیپٹن نوید خود کو میرا کا بھائی ظاہر کرتا تھا اور اس کا یہی تعارف کرایا گیا ۔یہی وجہ تھی کہ شارٹ لسٹ کئے گئے
لوگ میرا سے زیادہ اس کے بھائی کیپٹن نوید کو راغب کرنے کیلئے تگ و دو کرتے رہتے تھے۔یاد رہے کہ ماضی میں اداکارہ میرا
اور کیپٹن نوید کی شادی کے حوالے سے خبریں میڈیا اور سوشل میڈیا کی زینت بن چکی ہیں اور اداکارہ کی جانب سے اس کی تردید کی جاتی رہی ہے ۔