ہنزہ (این این آئی)گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ کے انتظامی مرکز علی آباد کے بالائی علاقے سے فرانسیسی پیرا گلائیڈر زیویئر ایلین گزشتہ روز اڑان بھرنے کے بعد لاپتا ہو گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہنزہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ظہور احمد نے بتایا کہ
فرانسیسی پیرا گلائیڈر نے 2 ہسپانوی پیرا گلائیڈرز کے ساتھ اڑان بھری تھی۔انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر بعد ہسپانوی پیرا گلائیڈرز ہنزہ کے علاقے گنیش میں اترے تاہم فرانسیسی پیرا گلائیڈر لاپتا ہوگیا جس کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جس علاقے میں ہسپانوی پیرا گلائیڈر اترا وہ خطرناک ہے اور ریسکیو اہلکاروں کو لاپتا پیرا گلائیڈر کی تلاش میں دشواری کا سامنا ہوسکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر ہنزہ نے ایک بیان میں کہا کہ لاپتا پیرا گلائیڈر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں میں ریسکیو 1122 کے اہلکار، پولیس اور مقامی رضاکار شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق دونوں ہسپانوی پیرا گلائیڈرز بھی اپنے لاپتا ساتھی سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پیرا گلائیڈرز 30 جون کو ہنزہ پہنچے تھے اور انہوں نے ایک مقامی ہوٹل میں قیام کیا۔