کراچی (این این آئی)پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مبینہ دھاندلی کی ویڈیو جاری کردی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو جاری کی
جس میں انہوں نے سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں دھاندلی کا تذکرہ کیا۔ٹوئٹر پر جاری کی گئی ویڈیو میں چند لوگوں کو تیزی کے ساتھ بیلٹ پیپر پر اسٹیمپ لگاتے اور ان پیپرز کو بیلٹ باکس میں ڈالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ اس دوران وہاں ایک پولیس اہلکار بھی موجود ہوتا ہے جو بیلٹ پیپر پر اسٹیمپ لگانے والے شخص سے آکر کچھ کہتا ہے جس کے بعد وہ وہاں سے چلا جاتا ہے۔پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے ٹوئٹر پر کی جانے والی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی ایک بہترین مثال لیکن پیپلز پارٹی کے حق میں!انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب کچھ پولیس، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناک کے نیچے، یہ کب اور کیسے بدلے گا جب قانون کی پاسداری کی قسم کھانے والے خود ہی قانون توڑ رہے ہوں گے۔