اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے 6 جون 2022 کو طلب کرلیا۔ نجی ٹی وی ایکسپریس کے مطابق ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ کی جانب سے
مستعفی اراکین کو مراسلے ارسال کردیے گئے ہیں اور مستعفی اراکین کی تعداد 131 ہے۔انہوں نے بتایا کہ استعفوں کی تصدیق کا عمل جمعہ المبارک 10 جون تک جاری رہے گا اور روزانہ کی بنیاد پر 30 مستعفی اراکین اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے اور ہر رکن کے لیے 5 منٹ کا وقت مقرر ہے۔ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے مستعفی اراکین کو قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ 43(2)(b) کے تحت تفویص اختیارات کو بروکار لاتے ہوئے مراسلہ جاری کیا۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے استعفوں کے بعد حکومت نے خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کرانے کافیصلہ کرلیا جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کے حوالے سے کہا ہے کہ تمام ارکان کے استعفے منظور کئے جائیں ، میرا شیریں مزاری اور فواد چودھری کا استعفیٰ کیا انوکھا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہونیوالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کرایا جائیگا،ضمنی الیکشن میں اتحادی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت حصہ لیں گے،تحریک انصاف کے استعفے مرحلہ وار منظور کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں مرکزی رہنمائوں کا استعفیٰ منظور کیا جائیگا۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کے حوالے سے کہا ہے کہ
تمام ارکان کے استعفے منظور کئے جائیں ، میرا شیریں مزاری اور فواد چودھری کا استعفیٰ کیا انوکھا ہے۔۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت استعفوں کے معاملے پر پک اینڈ چوز نہ کرے ،یہ دھاندلی کی ایک اور مثال ہوجائیگی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اہم ٹاسک سونپ دیا
۔پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی پنجاب کے سیاسی معاملات اور ضمنی انتخاب کی حکمت عملی تیار کریں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے پیر کو لاہور میں پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں پارٹی کی سینئر لیڈر شپ شریک ہوگی۔
شاہ محمود قریشی ضمنی الیکشن میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم کا بھی لائحہ عمل تیار کریں گے۔