فیصل آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو لانے والے ہی اْن سے تنگ آگئے تھے۔کارکنوں سے خطاب میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ 4 سالوں میں ان لوگوں نے جھوٹے مقدمات بنائے، سابقہ حکومت کی نااہلی، نالائقی کے باعث ڈالر 185 سے بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ڈالر 200 تک چلا گیا تو مہنگائی میں اضافہ ہوگا، ہماری پوری کوشش ہے ڈالر کو بڑھنے سے روکیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ تین ملین میٹرک ٹن گندم امپورٹ کرنے جارہے ہیں، اگر گندم باہر سے نہ منگوائی تو قحط پڑے گا۔انہوںنے کہاکہ کھاد کی قلت کے باعث پیداوار میں کمی ہوئی ہے، پاکستان میں صرف 3 کھاد بنانے والی فیکٹریاں ہیں۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کھاد باہر بھیج کر ایک ایک بوری پر 6 سے 7 ہزار روپے منافع کمایا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اے ٹی ایمز کو لاکھوں بوریوں کے پرمٹ دئیے گئے، جو ان کو لائے تھے وہ ہی ان سے تنگ آگئے تھے۔