کراچی(این این آئی) نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سمیت 11 ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس تیار کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب نے سابق وزیر خزانہ اور لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کے خلاف مزید گھیرا تنگ کردیا،
نیب کراچی نے مفتاح اسماعیل سمیت 11 ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس تیار کرلیا، دیگر ملزمان میں عثمان حسن، یوسف جمیل انصاری اور دیگر شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب نے مفتاح اسماعیل کو 30 سوالات ارسال کیے تھے، تاہم سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نیب کو ایک سوال بھی تسلی بخش جواب نہ دے سکے، جب کہ مفتاح اسماعیل نے ایس ایس جی سی میں غیر قانونی گیس نکالنے کے ٹھیکے پرائیویٹ کمپنی کو دیے، یہ ٹھیکے مفتاح اسماعیل نے بحیثیت چئیرمین ایس ایس جی سی دیے۔سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین، سابق ایم ڈی ایس ایس زوہیر صدیقی، شعیب وارثی، ارشد مرزا اور دیگر کے خلاف ایک ریفرنس درج ہوچکا ہے، ریفرنس میں نامزد ملزمان کے وکلا کو کیس کی پیروی کے لیے فیس بھی سرکاری فنڈز سے جاری کی گئی، اور سرکاری فنڈز سے وکلا کو فیس دینے کی منظوری بھی مفتاح اسماعیل نے دی تھی۔