لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کی انکوائری کمیٹی نے ڈی جے بٹ کی جانب سے بھجوائے گئے تمام بل اور تفصیلات کو بوگس قرار دے دیدیا،انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ڈی جے بٹ کو لیگل نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کر لیاگیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جے بٹ کے میڈیا میں آنے کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت نے ادائیگی کے معاملے پر ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی اور اسے تمام بلوں کا جائزہ لینے کے بعد ادائیگی کرنے کے احکامات بھی دئیے گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی نے ڈی جے بٹ کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات اور بلوں کوبوگس قرار دےدیا ہے۔ پی ٹی آئی نے احتجاجی جلسوں اوردھرنے کے دوران ڈی جے بٹ کو مختلف اخراجات کی مد میں 5کروڑ 90لاکھ روپے کی ادائیگی کی ۔ ڈی جی بٹ کی طرف سے اخراجات کی مد میں بھجوائے جانے والے بلوں میں کھانے کی مد میں38لاکھ،ساﺅنڈ سسٹم کے کرائے کی مد میں36لاکھ،ہیلپرز کی تنخواہوں کی مد میں38لاکھ40ہزار،ویلڈنگ کی مد میں 19لاکھ50ہزار،رہائشگاہ کے اخراجات کےلئے 17لاکھ30ہزاراور سفری اخراجات کی مد میں 8لاکھ52ہزار روپے کے بل بھجوائے جسے کمیٹی نے تحقیقات کے بعد بوگس قرار دےدیا ہے۔پی ٹی آئی نے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ایک کروڑ 78لاکھ روپے کی واپسی کا لیگل نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔