دھیرکوٹ (نیوزڈیسک)عالم اسلام کے عظیم مجاہد سردارمحمد عبدالقیوم خان کو گذشتہ روز غازی آباد میں ہزاروں افراد کی آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ مجاہد اول سردارمحمد عبدالقیوم خان کی آزادحکومت کے پورے سرکاری اعزاز ،پاک فوج اور پولیس کے چاک و چوبند دستوںکی سلامی دینے کے بعد تدفین کی گئی۔نماز جنازہ میں لوگوں کی اتنی کثیر تعداد تھی کہ پانچ دفعہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ یہ نماز جنازہ صاحبزادہ پیر محمد اکرم شاہ صاحب سجادہ نشین گڑھی شریف، سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، حافظ محمد رضا،مولانا محمد نعیم، مولانا محمد زبیر نقشبندی نے پڑھایا۔ اس نماز جنازہ میںوفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، پاک آرمی کے برگیڈ کمانڈر،آزاد کشمیر سپریم کورٹ، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان، اپوزیشن لیڈر راجہ محمد فاروق حیدر خان، وزرائے کرام ، انتظامیہ کے اعلی آفیسران اور زندگی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔