جمعہ‬‮ ، 18 جولائی‬‮ 2025 

سرکاری ملازمین کا دیرینہ مطالبہ تسلیم،اسحاق ڈار نے بڑا اعلان کردیا

datetime 27  مئی‬‮  2017
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آئندہ عام انتخابات سے قبل میثاق معیشت پر متفق ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح پاکستان کی معاشی حالت کو مستحکم کرنا ہے ٗ بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کیلئے زیادہ رقم رکھی گئی ہے ٗ جاری اخراجات کو افراط زر سے بڑھنے نہیں دیا جائیگا ٗعام آدمی پر براہ راست کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا ٗ

500 ارب روپے کے ٹیکس لگانے کا تاثر غلط ہے ٗکسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں گے ٗبیواؤں کا پانچ سال کا قرضہ معاف کیا جائے گا ٗ کسانوں کو ٹیوب ویلز پر بجلی میں سبسڈی جاری رہے گی ٗ ٹیکسٹائل کے شعبے میں دی جانے والی مراعات جاری رکھی جائیں گی ٗ سیمنٹ پر 25 فیصد ٹیکس اضافہ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔سرکاری ملازمین کے حوالے سے وزیرخزانہ نے کہا کہ ملازمین کی پرانی ڈیمانڈ تھی کہ ان کے ایڈہاک ریلیفز کو تنخواہ میں ضم کیا جائے جس کے پیش نظر حکومت نے50 فیصد کے اضافہ کو بنیادی تنخواہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس اضافہ کے بعد بنیادی تنخواہ پر10 فیصد ایڈہاک ریلیف دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کے لئے دیگر کئی مراعات بھی آئندہ بجٹ میں شامل کی گئی ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ بجٹ میں تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ سے 60 ارب روپے کے اخراجات ہوئے تھے جب کہ اس سال اس ضمن میں 125ارب روپے کے اخراجات ہوں گے، ان کے لئے علیحدہ سے کسی بجٹ کی ضرورت نہیں ہو گی کیونکہ اس حوالے سے مختلف ڈویژنوں اور محکموں کے لئے پہلے سے ہی بجٹ مختص کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز تین چار وزارتوں میں جانے کے بعد سرکاری ملازمین کا ردعمل جاننے کا موقع ملا تو وہ بہت خوش تھے،

ہفتہ کو پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کے لیے زیادہ رقم رکھی گئی ہے اور جاری اخراجات کو افراط زر سے بڑھنے نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت غیر ترقیاتی اخراجات کو افراط زر کی شرح سے کم رکھنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ ماضی میں ہمیشہ اس کے الٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مالیاتی خسارہ کو قابو میں رکھنے کیلئے جامع اقدامات کرے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ میں محصولات کے ہدف میں 14 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ہمارے 18۔2017 کے اہداف میں جی ڈی پی 6 فیصد تک لے جانا شامل ہے۔انھوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال میں دفاع کو دیگر شعبوں کے مقابلے میں ترجیح دی گئی ہے اور اس شعبے کیلئے 920 ارب روپے رکھے گئے ہیں اس کے علاوہ بجٹ میں ماضی میں نظر انداز کیے گئے زرعی شعبے پر خاص توجہ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں زراعت اور زرعی شعبے کو اتنی اہمیت نہیں دی گئی تاہم موجودہ حکومت نے اس ضمن میں کئی اقدامات کئے ہیں، کسانوں کیلئے وزیراعظم محمد نوازشریف نے خصوصی پیکج کا اعلان کیا تھا، کسانوں کیلئے پہلے سے جاری مراعات کا سلسلہ جاری رہے گا، چھوٹے کسانوں کیلئے بجٹ میں خصوصی سکیم کا آغاز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنک کسانوں سے 9.9 فیصد سے زیادہ منافع نہیں لے سکیں گے

جبکہ ٹیوب ویلوں کیلئے بجلی کی زرتلافی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے پہلے سال میں زرعی شعبہ کیلئے 300 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کا ہدف مقرر کیا تھا جو جاری مالی سال کیلئے 700 ارب روپے ہے اور توقع ہے کہ مالی سال کے اختتام تک قرضوں کی فراہمی کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے قرضوں کے اجراء کا ہدف 1001 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ہم نے عام آدمی پر براہ راست کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، 500 ارب روپے کے ٹیکس لگانے کا تاثر غلط ہے ٗہم نے 120 ارب روپے کے ٹیکس لگائے ہیں اور 33 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا ہے ٗ اس لئے بجٹ کی مد میں اگر کوئی قیمت بڑھانا چاہے تو اس کو نہ بڑھانے دیں۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ سوشل میڈیا پر پڑھا کہ دودھ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، حالانکہ ہم نے ایک چیز بھی نہیں بڑھائی اور نہ ہی دودھ کی قیمتوں میں اضافہ ہونا چاہئے کیونکہ ہم نے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ دودھ کیلئے شرح یکم جولائی 2016ء کی سطح پر ہے اس لئے بجٹ کی آڑ میں اس میں کسی کو اضافہ نہیں کرنے دیا جائیگا۔ صارفین کو یہ علم ہونا چاہئے کہ دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کاکہ میڈیا اپنا کردار ادا کرے ۔وزیرخزانہ نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور وہ اس سے مطمئن ہیں۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاکہ میکرو اکنامک استحکام کی بنیاد پر بجٹ بنایاگیاہے ٗ

6 فیصد شرح نمو کا حصول ممکن ہے ٗیہ ہماری بڑی کامیابی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے حوالہ سے مختلف اہداف مقرر کئے ہیں، جی ڈی پی کا ہدف 6 فیصد مقرر کیا گیا ہے، توقع ہے کہ آئندہ مالی سال معاشی اہداف حاصل کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انویسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی کا ہدف 17 فیصد اور افراط زر کا ہدف 6 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ بجلی اورتوانائی کی قلت پر قابوپانے کیلئے موجودہ حکومت نے عملی اقدامات کئے ہیں

جس کے نتیجے میں لوڈ شیڈنگ میں کمی آئی اور قومی گرڈ میں اضافی بجلی شامل کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ مالی سال 2017-18میں قومی گرڈ میں مزید10ہزار میگاواٹ بجلی شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سی پیک کے تحت بجلی اورتوانائی کے کئی منصوبوں پر کام ہورہاہے جس کے نتیجے میں ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ہمیشہ کیلئے دور ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سرما یا کاری میں تیزی لانے کے لیے گروتھ میں اقدامات کیے ہیں۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبہ کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے، بجٹ میں اس سیکٹر کیلئے خصوصی مراعات دی گئی ہیں جس کے تحت آئی ٹی پارک کے قیام اور موبائل کارڈز پر ٹیکس کی شرح 1.5 فیصد کم کی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ دس لاکھ کے قریب نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت دیں گے ،دو لاکھ فری لانسر کام کر ر ہے ہیں ٗایک لاکھ فری لانسر نوجوانوں ٹریننگ دیں گے ۔وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہوں گے،

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کئی اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اورتربیت یافتہ نوجوانوں کو روزگار ملنے میں آسانی ہوگی۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ کسانوں کیلئے خصوصی اسیکموں کا اعلان کیا ہے ٗکسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے منصوبوں سے اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی۔

گزشتہ روز پیش کیے گئے وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2017۔18سے متعلق کے جزیات بیان کر تے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے 3کے بجائے 5سال کا میکرو اکنامک روڈ تجویز کیا ہے ۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ پولٹری کے 7 شعبوں پر ٹیکس کو کم کیا گیا ہے ٗ ڈی اے پی پر 300 روپے فی بوری ٹیکس کم کیا ٗ بینک کسانوں سے 9 اعشاریہ 9 فیصد سے زیادہ منافع حاصل نہیں کر سکیں گے ۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت نے بجٹ میں ہاؤسنگ کے شعبہ کیلئے جامع اقدامات کئے ہیں

جس کے نتیجہ میں آئی ٹی کے شعبہ سے منسلک 27 ذیلی صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا انہوں نے کہاکہ بجٹ میں ہاؤسنگ کے شعبے میں بھی سکیم متعارف کرائی ہے ٗپیٹر پمپس سمیت دیگرمشینری پرسیلز ٹیکس زیرو کر دیا ، کوئی چیز مہنگی نہیں کی، دکاندار بھی مہنگی نہ فروخت کریں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ جاری مالی سال کیلئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 3500 ارب روپے ہے جسے اب 4013 ارب روپے کر دیا گیا ہے،

اس میں عام آدمی پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 120 ارب روپے کے ٹیکسز لگائے گئے ہیں جبکہ مختلف ٹیکسز اور ڈیوٹیوں کی مد میں 33 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا ہے جس کے بعد آئندہ مالی سال کیلئے مجموعی طور پر نئے ٹیکسز کا حجم 87 ارب روپے بنتا ہے جو انتہائی معمولی اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کی بجائے نان فائلرز پر بوجھ منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کے زیر انتظام سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کا بجٹ 715 ارب روپے سے بڑھا کر 1001 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ 1.1کھرب روپے ہے، آئندہ مالی سال کے دوران مجموعی ترقیاتی بجٹ کا حجم 2100 ارب روپے سے زائد ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ کو فعال کر دیا گیا ، سرمایہ کاری میں تیزی لانے کے لئے گروتھ میں اقدامات کیے ہیں ، آئندہ جو بھی حکومت آئے ٗترقی کی شرح پرتوجہ دے ،

ترقیاتی بجٹ،بجٹ خسارے کو کم کریگا ٗ لوگ پاکستان میں محفوظ سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ٗ ٹیکسٹائل کے شعبے میں دی جانے والی مراعات جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل کے شعبہ کی ترقی کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس کے ریفنڈ کلیمز کی ادائیگیاں طے شدہ نظام الاوقات کے تحت کی جائیں گی جس کے تحت 15 جولائی تک 10 لاکھ سے کم کے کلیمز کلیئر کئے جائیں گے

جبکہ اس سے زیادہ کے کلیمز 14 اگست تک کلیئر ہوں گے اور یہ نظام آن لائن رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ارب ڈالر مالیت کے بانڈز جاری کرے گی جسکی ضمانت حکومت دے گی اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکی اس میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مطالبہ پر ان کیلئے اسلام آباد ایک رہائشی سیکٹر بنایا جائیگا۔

اس حوالے سے سی ڈی اے کو ہدایات دی جاچکی ہیں جس پر جلد کام شروع کر دیا جائیگا اس کیلئے وصولی غیر ملکی کرنسی میں بنکنگ چینل سے ہو گی جس سے زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا یہ رقوم سی ڈی اے کو پاکستانی کرنسی میں ملیں گی لیکن سٹیٹ بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ اور بنیادی ڈھانچہ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے آئی ایف سی کے ساتھ مذاکرات کیے گئے ہیں

اور اس حوالے سے پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک قائم کیا جائے گا جو صرف نجی شعبہ میں سرمایہ کاری کرے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ توقع ہے کہ آئندہ حکومت بھی اقتصادی شرح نمو میں اضافہ پر توجہ مرکوز رکھے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان بہت جلد جی 20ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا۔ میکرواکنامک استحکام کے حوالے سے چھوٹے قرضے حاصل کرنے والوں کی سہولت کیلئے پاکستان پاورٹی فنڈ سمیت دیگر اداروں کے ادغام سے پاکستان میکرو فنانس کمپنی بنائی گئی ہے

جس کو صارفین کی تعداد 4 ملین سے بڑھا کر 10 ملین کرنے کا ہدف دیا گیا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے شعبہ کے لئے بھی کئی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان اور جرمنی سمیت کئی دیگر مضبوط معیشتوں کی طرح ایس ایم ای کے شعبہ کو حقیقی طور پر قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی بنایا جائے گا جس سے معیشت میں نمایاں ترقی ہو گی۔

سرکاری ملازمین کے حوالے سے وزیرخزانہ نے کہا کہ ملازمین کی پرانی ڈیمانڈ تھی کہ ان کے ایڈہاک ریلیفز کو تنخواہ میں ضم کیا جائے جس کے پیش نظر حکومت نے50 فیصد کے اضافہ کو بنیادی تنخواہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس اضافہ کے بعد بنیادی تنخواہ پر10 فیصد ایڈہاک ریلیف دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کے لئے دیگر کئی مراعات بھی آئندہ بجٹ میں شامل کی گئی ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ بجٹ میں تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ سے 60 ارب روپے کے اخراجات ہوئے تھے جب کہ اس سال اس ضمن میں 125ارب روپے کے اخراجات ہوں گے، ان کے لئے علیحدہ سے کسی بجٹ کی ضرورت نہیں ہو گی کیونکہ اس حوالے سے مختلف ڈویژنوں اور محکموں کے لئے پہلے سے ہی بجٹ مختص کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز تین چار وزارتوں میں جانے کے بعد سرکاری ملازمین کا ردعمل جاننے کا موقع ملا تو وہ بہت خوش تھے،

اس کے علاوہ شہداء ان کے خاندانوں اور دہشتگردی کی جنگ کے دوران معذور ہونے والوں کے لئے بھی خصوصی مراعات کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سماجی تحفظ کے پروگرام کے سلسلے میں پاکستان بیت المال کے بجٹ میں 50 فیصد کے اضافہ سے اس کو 4 ارب سے 6 ارب روپے تک بڑھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں ہاؤس بلڈنگ کے بیوہ خواتین کے ساڑھے تین لاکھ روپے تک کے قرضے معاف کیے تھے

جبکہ اب پانچ لاکھ روپے تک کے قرضے معاف کیے جائیں گے جو وزارت خزانہ ادا کرے گی۔ ان اخراجات کا تخمینہ 2.5 ارب سے 3 ارب روپے بنتا ہے، انہوں نے کہا کہ بجلی کے گھریلو صارفین کیلئے 300 یونٹ بجلی صرف کرنے، ٹیوب ویلوں اور بلوچستان کے حوالے سے سبسڈی اور مراعات برقرار رکھی جائیں گی جس پر 121ارب روپے کے اخراجات برداشت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات اور ٹیکسز و ڈیوٹیوں کی شرح میں ردوبدل ان کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سیمنٹ پر 25 فیصد کے ٹیکس اضافے کی خبریں شائع کی جا رہی ہے جن میں کوئی صداقت نہیں ہے جبکہ سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافہ سے سیمنٹ کی فی بوری قیمت صرف 12روپے تک بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی شرح میں معمولی اضافہ معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے کیا ہے، ملک کی ترقی کیلئے اگر تھوڑا بہت بوجھ برداشت کرنا پڑے تو کرنا چاہیے کیونکہ معاشی ترقی کے اہداف ہمارے لئے زیادہ اہم ہونے چاہئیں۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ سیمنٹ پر 25 فیصد ٹیکس اضافہ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس میں اضافہ کی وجہ سے سیمنٹ کی فی بوری قیمت صرف 12 روپے بڑھ جائیگی۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



حقیقتیں(دوسرا حصہ)


کامیابی آپ کو نہ ماننے والے لوگ آپ کی کامیابی…

کاش کوئی بتا دے

مارس چاکلیٹ بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی…

کان پکڑ لیں

ڈاکٹر عبدالقدیر سے میری آخری ملاقات فلائیٹ میں…

ساڑھے چار سیکنڈ

نیاز احمد کی عمر صرف 36 برس تھی‘ اردو کے استاد…

وائے می ناٹ(پارٹ ٹو)

دنیا میں اوسط عمر میں اضافہ ہو چکا ہے‘ ہمیں اب…

وائے می ناٹ

میرا پہلا تاثر حیرت تھی بلکہ رکیے میں صدمے میں…

حکمت کی واپسی

بیسویں صدی تک گھوڑے قوموں‘ معاشروں اور قبیلوں…

سٹوری آف لائف

یہ پیٹر کی کہانی ہے‘ مشرقی یورپ کے پیٹر کی کہانی۔…

ٹیسٹنگ گرائونڈ

چنگیز خان اس تکنیک کا موجد تھا‘ وہ اسے سلامی…

کرپٹوکرنسی

وہ امیر آدمی تھا بلکہ بہت ہی امیر آدمی تھا‘ اللہ…

کنفیوژن

وراثت میں اسے پانچ لاکھ 18 ہزار چارسو طلائی سکے…