اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایک سزا یافتہ مجرم کا پاک فوج کے سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ فوج کے وقار اور احترام کے منافی ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں
فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف اس سنگین قانونی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پاک فوج کو اپنے دل کے قریب رکھتے ہیں، ن لیگی وزرا ء کہہ رہے ہیں نئے آرمی چیف سے متعلق شہباز شریف اور نواز شریف کی ملاقات ہوئی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ کے وزرا ء کہہ رہے ہیں نواز شریف نئے آرمی چیف کا فیصلہ کریں گے، ایسی فیصلہ سازی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی شدید خلاف ورزی ہے۔انہوںنے کہاکہ شہباز شریف اپنے حلف سے روگردانی کے مرتکب ہیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی ریاست کی سطح پرایک نہایت سنجیدہ معاملہ ہے، شہباز شریف لندن میں مقیم اپنے سزا یافتہ اشتہاری بھائی کو ملنے پہنچے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعظم شہباز شریف آفیشل سیکرٹ کے پابند ہیں، عدالتی سزا یافتہ شخص کیسے ایسی اہم ریاستی تعیناتی کرسکتا ہے؟ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت یہ قانون سے انحراف ہے۔