اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی) چین نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے ساتھ دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے بلوچستان اور سندھ کے سیلاب متاثرین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لیے خیموں اور دیگر فوری
ضرورت کے امدادی سامان سمیت ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔چین کی عالمی ترقیاتی تعاون تنظیم کے ترجمان شو وے نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں شدید سیلاب کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصانات پر گہری ہمدردی اور دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔بدھ کے روز تر جمان نے کہا کہ چین اور پاکستان کی باہمی تعاون کی روایت ہے۔ زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات اور کووڈ -۹۱وبا جیسے چیلنجوں کے تناظر میں، فریقین ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے ہیں اور مل کر مشکلات پر قابو پانے میں ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان چاروں موسموں کی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری اور گہری دوستی کا مظاہرہ ہوا ہے۔ ہم پاکستان کے تقاضوں کے مطابق جلد از جلد ہنگامی امداد فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔