کوہاٹ(این این آئی)صوبہ خیبرپختونخوا میں دوسرے مرحلے کے تحت 18 اضلاع میں گزشتہ روزہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تحصیل کونسل لوئراورکزئی کے چیئرمین کی نشست پر پی ٹی آئی کے بظاہر مضبوط اْمیدوار اور سابق سینیٹر بھی ایک سیاسی پارٹی کے
غیرمعروف اْمیدوار محمدطارق سے بری طرح شکست کھا گئے۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع اورکزئی کی لوئر تحصیل کے چیئرمین کی سیٹ پر پی ٹی آئی کے مضبوط اْمیدوار اورپی ٹی آئی ایم این اے ملک جوادحسین کے بھائی سابق سینیٹرملک نجمل الحسن کا مقابلہ پاکستان راہ حق کے اْمیدوارمحمدطارق ‘ پاکستان پیپلز پارٹی کے اْمیدوار سیدبشارت حسین اور جمعیت علمائے اسلام کے دین بادشاہ سے تھا جہاں سابق سینیٹر ملک نجم الحسن بری طرح شکست کھاگئے جبکہ پاکستان راہ حق پارٹی کے ایک غیرمعروف اْمیدوار محمد طارق13559 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے تحصیل کونسل لوئر اورکزئی کے چیئرمین منتخب ہو گئے۔حاصل کردہ ووٹوں کے لحاظ سے اْمیدواروں میںپاکستان پیپلز پارٹی کے اْمیدوار سید بشارت حسین 9029 ووٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پی ٹی آئی کے اْمیدواراور سابق سینیٹر ملک نجمل الحسن 7983 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ۔یادرہے کہ سابقہ اورکزئی ایجنسی سے تعلق رکھنے والے ملک نجمل الحسن مارچ2012 سے مارچ 2018تک پانچ سال کے لئے سابقہ فاٹا سے سینٹر منتخب ہوئے تھے۔