اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات مرادسعید نے کہا ہے کہ کوروناء میں کمی ہی نہیں دیگر شعبہ جات سے بھی خوشخبریاں آنے لگی ہیں،وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی کے نتائج ہر شعبے سے نمایاں ہونے لگے،وزیراعظم کا احساس پروگرام ترقی پذیر ممالک کیلئے ایک قابل تقلید مثال بن چکا ہے۔ایک بیان میں مراد سعید نے کہا کہ اللہ کے فضل و احسان سے زرِ مبادلہ کے ذخائر 19.56 ارب ڈالرز تک پہنچ چکے ہیں۔پاکستان سٹاک ایکسچینج بہتری میں دنیا میں دوسرے نمبر پر آن کھڑی ہے۔ تازہ ترین درجہ بندی
میں موڈیز پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کی گواہی دے رہے ہیں۔وہی موڈیز جس نے پاکستانی معیشت کے استحکام کی خبر دی اس نے بھارتی معیشت کے منفی ہونے کے بارے میں بھی دنیا کو بتایا۔ انہوں نے کہا کہ نہایت مشکل معاشی صورتحال کے باوجود پاکستان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ بہتر اقتصادی منصوبہ بندی کے باعث تجارتی خسارے میں کمی نمایاں ہے۔جاری کھاتوں کے خسارے میں 78 فیصد تک کی تاریخی کمی آچکی ہے۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے قانون سازی بھی کامیابی سے جاری ہے۔