اسلام آباد (این این آئی)سوئی ناردرن گیس پائپ لائنزاسلام آباد کے سینئر آفیسر میں کورونا پازیٹو کا کیس سامنے آنے کے بعد سوئی گیس آئی نائن آفس کو سربمہر کردیا گیا،کسٹمر سروسز سمیت تمام آپریشنز تاحکم ثانی معطل رہیں گے جبکہ ایمرجنسی شکایات کے حل کے لیے ٹیلیفونک سروسز سے استفادہ جاری رہے گا۔
جنرل مینجر ایس این جی پی ایل اسلام آباد محمد ظہور نے بتایاکہ محکمہ سوئی گیس اسلام آباد کے ایک سینئر آفیسر میں کورونا پازیٹو سامنے آنے پر سوئی ناردرن انتظامیہ نے آفس کو سیل کرکے تمام آپریشنز معطل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ان ہدایات کی روشنی میں سوئی گیس آئی نائن آفس کوہفتہ کے روز فوری طور پر سربمہر کرکے تمام پبلک ڈیلنگ بند کردی گئی ہے تاھم اس عرصہ میں ایمرجنسی سروسز فون کے ذریعے جاری رہیں گی۔محمد ظہور نے کہاکہ محکمہ سوئی گیس کورونا ایس او پیز کے تحت اپنی خدمات کی فراہمی جاری رکھے ہوئے تھا تاھم اس کے باوجود محکمہ کے ایک سینئر آفیسر موذی مرض کا شکار ہو گئے۔اس صورتحال کے پیش نظر سوئی گیس آئی نائن آفس کو تاحکم ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آفس میں ڈس انفکیشن کا کام شروع کردیا گیا۔جی ایم محمد ظہور نے مزید بتایاکہ کورونا سے متاثرہ آفیسر کو گھر میں کورنٹائن کردیا گیا ہے۔