کراچی(این این آئی) سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے بلدیہ شرقی و بلدیہ جنوبی کے ملازمین کو ماہوار تنخواہ اور 4 ماہ کا اضافی 25 فیصد الاؤنس پیر 9 دسمبر سے ادا کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں آج ایم ڈی سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ آصف اکرام نے منظوری دے دی۔ اب پے آرڈر کے سلسلے میں آڈٹ کے عمل کے بعد ادائیگیاں شروع کردی جائیں گی۔ ایم ڈی سے منظوری کے بعد ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ اور جنرل سیکریٹری ملک نواز نے کہا ہے کہ ایم ڈی سولڈ ویسٹ نے الائنس کی قیادت سے وعدے کے مطابق 25 فیصد اضافی الاؤنس کی ادائیگی کردی ہے جبکہ ملازمین نے بھی صفائی ستھرائی کے عمل کو بہتر سے بہترین بنانے میں اپنا کردار ادا کردیا ہے اور اتوار کو چھٹی والے روز بھی کام کرکے دکھایا۔ اس کے باوجود ماہوار تنخواہ کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی جس پر بعض شرپسند عناصر ن ملازمین کی حاضریوں پر جاکر منفی پروپیگنڈہ کیا اور سولڈ ویسٹ کے بعض سازشی افسران کی حمایت کرکے صفائی ستھرائی کے نظام کو خراب کرنے کی سازش کی جسے الائنس کی قیادت اور کارکنوں نے ناکام بنادیا۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم کام کرکے معاوضے کی بات کرتے ہیں۔ قانونی مراعات کی بات کرتے ہیں غیرقانونی ہتھکنڈے استعمال کرنا اور بلیک میلنگ کرنا ہمارا شیوہ نہیں ہے۔ انہوں نے سولڈ ویسٹ کے ان سازشی افسران کو خبردار کیا ہے کہ وہ سازشوں سے باز آجائیں اور شہرکی بہتری کیلئے کام کریں۔ بصورت دیگر انہیں سولڈ ویسٹ سے فارغ کرنے کیلئے تحریک چلائی جائے گی اور شرپسند عناصر کو خبردار کیا ہے کہ وہ منفی پروپیگنڈے سے باز آجائیں ورنہ ان کا ادارے میں کام کرنا مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے ایم ڈی سولڈ ویسٹ کو سازشی عناصر سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔