واشنگٹن(این این آئی)امریکا میں کوئینز کی رہائشی ایک ماں اپنی 5 سالہ بیٹی کے قتل کے الزام میں عدالت میں پیش ہوئی۔
خاتون فرانسس کابیلو پر اپنی بیٹی فابیانا کابیلو کے قتل کے حوالے سے سیکنڈ ڈگری مرڈر کا الزام ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کابیلو نے 911 پر کال کی اور اپنی بیٹی کو قتل کرنے کی اطلاع دی، جب افسران رچمنڈ ہل میں واقع گھر پہنچے تو انہوں نے 5 سالہ فابیانا کو بے ہوش پایا۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ بعد میں دم توڑ گئی۔ شہر کے طبی معائنہ کار نے لڑکی کے چہرے پر خراشیں اور اس کی آنکھوں، دل اور پھیپھڑوں میں خون کے چھوٹے چھوٹے دھبے پائے۔
کہا گیا ہے کہ ان زخموں کا تعلق دم گھٹنے سے ہو سکتا ہے۔کوئینز کریمنل کورٹ کے باہر خاتون کے والد، فرینکلن کابیلو نے کہا کہ اس نے اپنی بیٹی کی گرفتاری کے دوران اس کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے ان کی طرف ایک بار بھی نہیں دیکھا۔دادا نے اپنی پوتی کو ایک ہنس مکھ بچی کے طور پر بیان کیا۔



















































