اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں ایک 31 سالہ شخص مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کا سامنا کرنے سے بچنے کی کوشش کے دوران رہائشی عمارت کی 21ویں منزل سے گر کر جان کی بازی ہار گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متوفی کی شناخت ہرشت لاوانیا کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق اس کی شادی 2024 میں ہوئی تھی، تاہم میاں بیوی کے درمیان گھریلو اختلافات کے باعث دونوں گزشتہ چھ ماہ سے الگ رہ رہے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہرشت ایک اپارٹمنٹ میں تنہا مقیم تھا۔ واقعے کے روز اس کی اہلیہ اس سے ملاقات اور بات چیت کے لیے فلیٹ پر پہنچی، لیکن اس نے دروازہ کھولنے سے انکار کردیا۔ بعد ازاں خاتون نے سکیورٹی عملے سے رابطہ کیا تاکہ دروازہ کھلوایا جا سکے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہرشت کو خدشہ تھا کہ اہلیہ کے ساتھ دوبارہ تلخ کلامی ہوسکتی ہے۔
اسی دوران اس نے فلیٹ سے باہر نکلنے کے لیے بالکونی کا راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی، تاہم توازن برقرار نہ رکھ سکا اور 21ویں منزل سے نیچے جا گرا۔واقعے کے بعد عمارت کے رہائشیوں اور سکیورٹی گارڈز نے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔متوفی کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ ازدواجی تنازعات کے باعث ذہنی دباؤ میں تھا۔ تاہم واقعے کے تمام حالات اور اس کے پیش آنے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات سے متعلق پولیس کی جانب سے تفصیلی معلومات سامنے نہیں آئیں۔



















































