اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان کے بیٹر سلمان علی آغا نے سری لنکا کے خلاف سہ ملکی سیریز کے افتتاحی میچ میں شاندار سنچری اسکور کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں مؤثر انداز میں واپسی کی۔
تاہم ان کی جانب سے سنچری مکمل کرنے کے بعد جشن منانے کے منفرد انداز نے شائقین میں تجسس پیدا کردیا۔بعض شائقین کا خیال تھا کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی کپتانی سے محرومی اور ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر کیے جانے کے بعد سلمان علی آغا نے اپنے ناقدین کو جواب دینے کے لیے یہ انداز اختیار کیا، لیکن قومی بیٹر نے میچ کے بعد اس کی اصل وجہ بتا دی۔پریس کانفرنس کے دوران سلمان علی آغا نے انکشاف کیا کہ ان کا مخصوص انداز میں جشن منانے کا مقصد اپنے بیٹے کو خوش کرنا تھا۔ ان کے مطابق، ان کا بیٹا ٹیلی ویژن پر کرکٹ دیکھتے ہوئے اسی طرح خوشی کا اظہار کرتا ہے، چنانچہ انہوں نے بھی اپنے بیٹے کی نقل کرتے ہوئے یہ انداز اپنایا۔
سری لنکا کے خلاف اس اہم مقابلے میں سلمان علی آغا نے 90 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 107 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے محض 82 گیندوں پر اپنی چوتھی ون ڈے انٹرنیشنل سنچری مکمل کی، جو ان کے کیریئر کی تیز ترین سنچری بھی ہے۔واضح رہے کہ سلمان علی آغا ان سات پاکستانی کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں اگست 2026 میں لارڈز کے میدان پر انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے فوری طور پر وطن واپس بلا لیا تھا۔اس مرحلے پر سلمان علی آغا نے اپنی توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر مرکوز کر دی اور پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے ایک میچ میں ناقابلِ شکست 300 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ اب سری لنکا کے خلاف سنچری کے ذریعے انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا ایک بار پھر بھرپور مظاہرہ کیا۔



















































