لاہور( این این آئی)نیپرا بجلی کمپنیوں کی جانب سے عوام سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی وصولی کیلئے درخواستوں پر منگل کو سماعت کرے گا۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے عوام پر 94ارب 40کروڑ روپے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں
وصول کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔نیپرا جن بجلی کمپنیوں کی درخواستوں کی سماعت کرے گا ان میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی ، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی ، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اورگوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی شامل ہیں۔آئیسکو کی جانب سے 8ارب 72کروڑ اور لیسکو کی جانب سے 17ارب 81کروڑ روپے وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔میپکو نے اپنی درخواست میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کیلئے19ارب 53کروڑ، پیسکو نے 12ارب 27کروڑ جبکہ فیسکو نے 11ارب 62کروڑ اور گیپکو کی جانب سے 9ارب 25کروڑ روپے کی وصولی کی درخواستیں دائر کی ہیں۔بجلی کمپنیوں کی جانب سے ان وصولیوں کو کیپسٹی چارجز، ترسیلی اخراجات اور نقصانات کی مد میں وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔