اسلام آباد ( آن لائن)شہداء لسبیلہ کے خلاف گھناؤنی اور بے حس سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات کے دوران چشم کشاہ انکشافات سامنے آئے ہیں،اس گھنائونے کھیل میں ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے کارکن نکلے جنہوں نے اس پوری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،میڈیا رپورٹ کے مطابق شہداء لسبیلہ کے خلاف گھنائونی سازش میں ایک سیاسی جماعت کے سینکڑوں کی تعداد میں
سپوٹرز نے اداروں کے خلاف مہم چلائی ،اس غیر اخلاقی سازش سے اداروں، شہداء اور شہداء کے لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی،رپورٹ کے مطابق سیاسی جماعت کی اس مہم میں کچھ بھارتی اکاؤنٹس بھی ملوث نکلے،یہ مہم ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی جب پوری قوم سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے کے باعث ہونے والی شہادتوں پر غمزدہ تھی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بڑی سیاسی جماعت کے ملک سے باہر بیٹھے کارکنوں نے اس گھنائونی مہم کو بھر پورسپورٹ کیا جس سے بین الاقوامی سطح پر ملک کے امیج کو نقصان پہنچایا گیا ،رپورٹ کے مطابق ملک کے اندر سے سینکڑوں اکائونٹ ٹریس کر لئے گئے ہیں جن کو اس گھنائونی کھیل میں بیرون ملک بیٹھے سیاسی جماعت کے کارکنوں کی سپورٹ حاصل تھی ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداروں کے خلاف مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائی مزید تیز کر دی گئی ہے جبکہ بیرون ملک بیٹھے ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،گھنائونی سازش میں ملوث افراد کے خلاف ٹھوس ثبوت بھی اکٹھے کئے جارہے ہیں ،ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی اوران کو کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔