کراچی (این این آئی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ امریکہ روس سے نمٹنے میں میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ روس کی پالیسیوں سے امریکہ یورپی یونین اور انکے دیگر اتحادی گھبرا گئے ہیں۔روس قدرتی گیس کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے جس نے یورپ کو معاشی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جبکہ اس اہم بر اعظم کا اتحاد پارہ پارہ ہو گیا ہے۔
جنگ کے باوجود روس کی معیشت مسلسل مستحکم ہو رہی ہے جبکہ ساری دنیا مسائل سے دوچار ہے جسکی ذمہ داری صرف امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ یورپین کمیشن نے گیس کے استعمال میں پندرہ فیصد کٹوتی کی تجویز دی تھی تاکہ موسم سرما میں آنے ولاے بحران کو کم کیا جا سکے مگر اس معاملہ پر یورپی ممالک سیم پیج پر نہ رہ سکے اور ستائیس میں سے بارہ ممالک نے اسکی مخالفت کر دی۔ اس سے قبل بھی یورپی ممالک روس سے تیل اناج کھاد اور کیمیکل وغیرہ خریدنے اور یوکرین کو اسلحہ سپلائی کرنے پر جداگانہ موقف اختیار کر چکے ہیں۔کئی ممالک پابندیوں کے حق میں ہیں جبکہ بہت سے روس سے زیادہ تیل گیس اور اناج خریدنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال جولائی میں یورپ میں جس ایک یونٹ گیس کی قیمت 21.8 یورو تھی وہ اب 166 یورو تک بڑھ چکی ہے جس نے عوام کا طرز زندگی بدل کر رکھ دیا ہے۔ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تباہ ہو رہی ہے قومی سلامتی خطرے میں ہے روپے کی قدر میں زبردست کمی سے ملک پر عائد قرضوں میں چھ ہزار ارب سے زیادہ کا اضافہ ہو چکا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے مگر سیاستدانوں کا سرکس جاری ہے کیونکہ انھیں ملک و قوم اور معیشت سے زیادہ کرسی کی فکر کھائے جا رہی ہے۔