لاہور( این این آئی)گرین ٹائون میںمبینہ طور پر ملزم نے اہل خانہ کے تشدد کی رنجش پر اپنے اور سسرال کے گھروںمیںفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 5افراد جاںبحق جبکہ دوزخمی ہوگئے ،پولیس نے فوری کارروائی کر کے ملزم کو گرفتارکرلیا
جبکہ فرانزک ماہرین کی مدد سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوںکومردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ قتل کی واردات کا دلخراش واقعہ گرین ٹائون کے علاقہ باگڑیاں اور شیراز ٹائون میںپیش آیا جہاں دو خواتین سمیت 5افراد کو قتل جبکہ دوافرادکو زخمی کر دیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم عابد گاڑی میں سوارہو کر آیا اور اپنے اور سسرال والوں کے گھر میں فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 60 سالہ غلام حسین ،55 سالہ آسیہ بی بی ،35 سالہ ریحانہ اور 15 سالہ ہمایوں سمیت 5افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے ۔ ملزم عابد نے اپنے والد،والدہ، چھوٹے بھائی ، ہمشیرہ ،ساس اورسسر پر فائرنگ کی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ،ریسکیو 1122،ایدھی ایمبولینسز اور فرانزک ٹیمیںموقع پر پہنچ گئیں ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم عابد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس نے اپنے ابتدائی بیان میںبتایا ہے کہ اہل خانہ نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی رنجش پر اس نے فائرنگ کی ۔ یہ بھی اطلاعات ہے کہ ملزم آئس کا نشہ کرتا ہے اورگزشتہ روزگاڑی پر گھر آیا اور اپنے اور سسرال کے گھر وںمیں فائرنگ کر دی ۔آئی جی پنجاب را ئوسردار علی خان نے ٹائون شپ میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قائمقام سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔