بدھ‬‮ ، 25 دسمبر‬‮ 2024 

واہ رے تبدیلی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، ہسپتال کی ایمرجنسی بند کر دی گئی

datetime 12  جنوری‬‮  2019
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حافظ آباد میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کادورہ کیا، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ان کے دورہ کے موقع پر ہسپتال کی ایمرجنسی بند کر دی گئی، عبدالعلیم خان بھی ان کے ہمراہ تھے، مریضوں کو بھی ایمرجنسی میں جانے سے روک دیا گیا، رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا اور لوگوں کو وزیراعلیٰ سے دور کر دیاگیا،

جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، ڈی ایچ کیو میں بیڈز کی کمی رہتی ہے لیکن وزیراعلیٰ کے دورہ کے موقع پر بیڈ خالی کر دیے گئے، جب وزیراعلیٰ نے پوچھا تو ہسپتال کی انتظامیہ نے بتایاکہ آج ہی تمام مریضوں کو ڈسچارج کیاگیا ہے، مریضوں کے علاوہ عام لوگوں کو بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے دور رکھاگیا، واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گوجرانوالہ اورحافظ آباد کے دورے کیے۔ وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز، ٹیچنگ ہسپتال،گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر،ماڈل پولیس سٹیشن ماڈل ٹاؤن اور گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی کا دورہ کیاجبکہ شہر کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اورصفائی کی ابتر صورتحال اورفرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں سابق دور میں ہونے والی کرپشن کی شکایات پر ڈائریکٹر جنرل گو جرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو معطل کرنے کا حکم دیا اورکرپشن کی شکایات کی انکوائری وزیراعلی معائنہ ٹیم سے کرانے کا اعلان کیا ۔وزیراعلیٰ نے ٹیچنگ ہسپتال کے دورے اورسرکٹ ہاؤس میں منعقد ہ اجلاس کے دوران ہیلتھ کےئر کے حوالے سے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جبکہ واسا میں ماضی کے دور میں ہونے والی کرپشن کی شکایات کی انکوائری وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم سے کرانے کا اعلان کیا ۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گوجرانوالہ میں یادگار شہداء پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے اہلکاروں اور افسروں نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے۔

قوم کے کل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنا آج قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں اور ملک میں امن ان شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے۔وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گوجرانوالہ میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اہلکاروں کے بچوں سے ملاقات کی اور ان سے شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس لائنز میں ریسورس مینجمنٹ سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو ریسورس مینجمنٹ سینٹر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ ٹراما سینٹر، گائنی وارڈ، ان ڈور وارڈز اور مختلف شعبو ں میں گئے۔ وزیراعلیٰ نے زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے بعض مریضوں کی جانب سے بروقت چیک اپ نہ کرنے کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے علاج معالجے کیلئے ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ کہا کہ ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے اور خراب سیلنگ کو جلد درست کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کے رش کے باعث ایمرجنسی میں توسیع کی جائے گی اور آپریشن تھیٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کریں گے۔ ڈاکٹرز اور نرسز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے اور 100 بیڈز کے نئے وراڈ کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ٹیچنگ ہسپتال میں ضروری آلات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انستھیزیا سپیشلسٹ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے نیا پیکیج لا رہے ہیں اورانشاء اللہ اس حوالے سے جلد اقدامات کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اور نرسوں کے مسائل بھی دریافت کئے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں مریضوں ، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے مسائل کے حل کیلئے آیا ہوں۔ ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنانا میرا مشن ہے اور اس مقصد کی تکمیل کیلئے خود ہسپتالوں کے دورے کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو ہسپتالوں میں کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر کا دور ے کے دوران جی ڈی اے سے متعلقہ مسائل سنے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے حوالے سے جی ڈی اے کا کردار اہم ہے

اور گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو بہترین ادارہ بنانا ہے۔ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ماڈل ٹاؤن گوجرانوالہ میں قائم ماڈل پولیس سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور پولیس سٹیشن کے مختلف شعبے دیکھے۔ وزیراعلیٰ نے حوالات میں موجود ملزمان سے بھی گفتگو کی اور پولیس سٹیشن کا روزنامچہ چیک کیا۔ وزیراعلیٰ نے کانفرنس روم اور لیڈیز سٹاف روم کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پولیس حکام کو ہدایت کی کہ پولیس مظلوم کا ساتھ دے اور ظالم کا ہاتھ روکے۔ پولیس اچھا کام کرے گی تو شاباش ملے گی اور میں اچھے کام پر پولیس کی حوصلہ افزائی کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ دادرسی کیلئے آئے افراد سے زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور پولیس کو اب عوامی پولیس بن کر دکھانا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس افسران باقاعدگی سے کھلی کچہریاں لگائیں اور مظلوموں کی دادرسی کریں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی گوجرانوالہ پہنچے۔ انہوں نے ادارے کے مختلف شعبوں اور لیبارٹریز کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو اس موقع پر ادارے میں کرائے جانے والے ڈپلومہ اور کورسز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکلز ڈویلپمنٹ کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں اور ٹیوٹا کے اداروں کا سکلز کے شعبہ میں کلیدی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں معیاری ہنر سکھا کر روزگار فراہم کریں گے۔سیکرٹری صنعت نے وزیراعلیٰ کو ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریف کیا۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت سرکٹ ہاؤس گوجرانوالہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں کرپشن کی شکایات پر ڈی جی گوجرانوالہ ڈیلپمنٹ اتھارٹی کو معطل کرنے اور کرپشن کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ کرپشن کی شکایات پر وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم انکوائری کرے گی اور رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے صحت کے حوالے سے شکایات پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ جبکہ شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال اورفرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کوبھی تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ15روز کے بعد دوبارہ گوجرانوالہ کا دورہ کروں گا اورخود صورتحال کا جائزہ لوں گا۔ اجلاس میں ماضی میں گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور واسا میں ہونے والی کرپشن کی شکایات کی تحقیقات وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ شہر میں صفائی کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے شہر کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔صفائی کی صورتحال غیر تسلی بخش ہے ، صفائی کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی اراضی کا بہترین مصرف بنانے کیلئے سفارشات پیش کی جائیں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ سے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرزنے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں ، آپ کے مسائل حل کروں گا اور مستقبل میں بھی آپ سے رابطہ رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے معذور افراد میں وہیل چیئرز بھی تقسیم کیں اورمعذور افراد سے شفقت کا اظہار کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ حافظ آباد گئے اورانہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال حافظ آباد کا دورہ کیااور ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ مریضوں سے ادویات کی دستیابی کے بارے میں پوچھا۔وزیراعلیٰ ایمرجنسی، ان ڈور فارمیسی، سرجری وارڈ، میڈیکل وارڈ اور سی سی یو گئے۔وزیراعلیٰ نے مریضوں کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں وینٹی لیٹرز کی کمی کو پورا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کو ادویات اور علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ملنی چاہئیں۔ ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنا ہماری حکومت کا نصب العین ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد کا دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ مختلف بیرکس میں گئے اور قیدیوں سے ان کے مسائل پوچھے۔وزیراعلیٰ نے قیدیوں کیلئے تیار کئے جانے والا کھانا کھا کر اس کا معیار چیک کیا۔وزیراعلیٰ نے کچن میں کھانے کی تیاری کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے قیدیوں کی ہر بیرک میں ٹیلی ویژن لگانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے جیل ملازمین سے بھی ان کے مسائل پوچھے اوران کے حل کی یقین دہائی کرائی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں ہسپتالوں کے ساتھ تھانوں اور جیلوں کے بھی دورے کر رہا ہوں۔ ہم نے اس سسٹم کو درست کرنا ہے اوراس مقصد کے لئے عملی طور پربذات خود مسائل کا جائزہ لیتا ہوں۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…