لاہور( این این آئی)اداکارہ مومنہ اقبال کہ بہن رمشا اقبال ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ مزید26 لڑکیاں ثاقب چڈھر کے خلاف کیس دائر کرنے کیلئے سامنے آئی ہیں جن میں اداکارائیں بھی ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے رمشا اقبال نے کہا کہ تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا، کوئی بھی عورت اس طرح کا دبائو نہیں برداشت کر سکتی جتنا میں نے کیا ہے۔ ہماری پوری فیملی پر میڈیا میں آکر گند ڈالا گیا، میں نے سب کچھ برداشت کیا اور آج میں ثبوت سامنے رکھنے آئی ہوں، میں جس پیپرز کے ساتھ گزشتہ پریس کانفرنس میں آئی وہ کاپی مصدقہ تھی ،میرے خلاف ان لوگوں نے درخواستیں دیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بار سمیت دیگر جگہوں پر میرے خلاف درخواستوں پر فیصلے میرے حق میں آئے، ان لوگوں نے رسوا کرنے کی بہت کوشش لیکن یہ خود عدالتوں میں نہیں پیش ہوتے ،ادارے موجود ہیں جو یہ ثابت کریں گے کہ کون سچا ہے؟۔ یہ کہا گیا 2 کڑور کھایا پھر 80 لاکھ پر آگئے، مجھے ان اداروں پر بھی اب اتنا اطمینان نہیں ہے، این سی سی آئی اے پہلے انکوائری کرتی پھر مقدمہ درج کرتی ہے ان کے خلاف ثبوت تھے تو مقدمہ درج ہوا ہے۔



















































