اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سمیت مختلف ممکنہ اقدامات پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وفاقی وزراء اور دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس کے شرکاء کو ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور سکیورٹی معاملات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا کی صورتحال اور وہاں ممکنہ سیاسی و انتظامی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ کے معاملے کو بھی زیر بحث لایا گیا، جبکہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری پسِ پردہ رابطوں اور مختلف امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنے کے حوالے سے دستیاب آپشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور امن و امان کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔



















































