اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بزدل بھارتی فوج کی سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ ، 3 بچے اور ایک خاتون شہید، پنجاب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی جاری، دشمن کی چوکیوں کونشانہ بنایا جا رہا ہے، آئی ایس پی آر ۔ تفصیلات کے مطابق بزدل بھارتی فوج کی جانب سے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر پاکستانی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے
میں 3بچے اور ایک خاتون شہید ہو گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ میں بھارتی فورسز نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا ، فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھارتی فائرنگ کے جواب میں پنجاب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں، جوابی کارروائیوں میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔فائرنگ کی وجہ سےعلاقے میں کافی خوف و ہراس پھیل گیا ہے ، آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کی وجہ سے علاقہ مکین فجر کی نماز کی ادادئیگی کے لیے بھی گھروں سے نہیں نکل سکے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی بھارتی سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے درجنوں مویشی اور ایک بچے سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔ بھارتی سکیورٹی فورسز بی ایس ایف نے ورکنگ باونڈری پر اس وقت فائرنگ مارٹر شیلنگ شروع کی جب لوگ سحری کے لئے اٹھ رہے تھے ۔فائرنگ سے متاثرہ علاقہ مکینوں نے سحری کے وقت نقل مکانی کی، شہریوں نے بتایا کہ وہ صرف اپنے بچوں کومحفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں، جبکہ خود وہ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے سینہ سپر ہیں۔ چناب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی سے بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں ۔۔بھارت کی جانب سےفائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے روزہ داروں نے پانی پی کرروزہ رکھا ۔