جیکب آباد(این این آئی) سینئر سیاستدان میر ہزار خان بجارانی کے بیٹے رکن قومی اسمبلی میر شبیر علی بجارانی نے اپنے والد کی خودکشی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرے والدخودکشی نہیں کرسکتے ان کے قتل کے پیچھے سازش نظر آرہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی چینل اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ میرے والد خودکشی تو اپنی جگہ پر وہ ایسا سوچ بھی نہیں سکتے تھے
ابھی خاندان سمیت پورا علاقہ سوگ میں ہے جلد ہم خود واقعے کی تحقیقات کرائیں گے،میر ہزار خان بجارانی کے بھتیجے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور ضلع کونسل کشمور کے چیئرمین میر محبوب علی بجارانی نے کہا کہ میرے چچا انتہائی مدبر، دلیر اور نڈر سیاستدان تھے وہ خودکشی نہیں کرسکتے قتل پیچھے سازش لگ رہی ہے جس کی تحقیقات ہم خود کریں گے، انہوں نے کہا کہ میر ہزار خان بجارانی غریبوں ،بے سہاروں اور مظلوموں کا ساتھی تھا اور ہمیں ان کی مدد کرنے کی تلقین کیا کرتے تھے ،سینئر سیاستدان صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی کو سپردخاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ،پیپلز پارٹی کی قیادت سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی کا جسد خاکی گذشتہ شب کراچی سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکھر ائیر پورٹ لایا گیا جہاں سے ایمبولینس کے ذریعے ان کی میت کو آبائی گاؤں کرم پور لایا گیا ،جہاں جمعہ نماز کے بعد میر ہزار خان بجارانی کی نمازجنازہ گرڈ اسٹیشن گراؤنڈ میں ادا کی گئی نماز جنازہ علامہ عالم نجفی نے پڑھائی ،جنازہ نماز میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزراء سہیل انور سیال ، جام خان شورو، ناصر شاہ، منظور وسان، ممتاز جکھرانی ، ڈاکٹر سہراب سرکی ، جام مدد علی، آغا تیمور پٹھان، شہریار مہرسمیت ہزاروں کی تعداد میں علاقے کے عمائدین، سردار وں، شہریوں اور عزیز و اقارب نے شرکت کی،
مرحوم کو آبائی قبرستان عید گاہ قبرستان میں سپردخاک کیا گیا ، میر ہزار خان بجارانی کی میت جو جب جنازے نماز کے لیے گرڈ اسٹیشن گراؤنڈ میں لانے کے لیے گھر سے اٹھائی گئی تو لوگ دھاڑیں مار کر رو رہے تھے اور ان کی میت سے لپٹ پڑے جس کے باعث جنازے کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی اس موقع پر ان کے بڑے بیٹے میر شبیر علی بجارانی لوگوں کو لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے پرامن رہنے کی تلقین کرتے رہے ،جبکہ دوسری جانب میر ہزار خان کی اہلیہ فریحہ رزاق کی نماز جنازہ ڈیفنس کے علاقے کی سلطان مسجد میں ادا کی گئی اور ڈیفنس فیز 7کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ان کی نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سمیت اہم سیاستدانوں اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔



















































