اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)فتح جنگ کے علاقے قطبال میں گدی نشین اور پیر کی گرفتاری کے خلاف مریدوں نے تھانے پر حملہ کرکے قبضہ کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ایک پیر خادم حسین کے ضلع میں داخلے پر پابندی لگا رکھی تھی تاہم مقامی گدی نشین پیر امجد علی شاہ نے پابندی کے باوجود دربار میں اجتماع سے پیر خادم حسین کا خطاب کرایا تھا۔ قانون شکنی پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قطبال تھانہ میں مقدمہ درج کرکے پیر امجد علی شاہ اور خادم حسین کو گرفتار کرلیا۔
جس پر ان کے مریدوں اور مقامی رہائشیوں نے تھانے پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی۔ مشتعل افراد نے تھانے پر قبضہ کرکے ایس ایچ او سمیت پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس پر اہلکاروں نے گرفتار شدگان کو دوسری جگہ منتقل کیا اور تھانہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔مظاہرین نے دھمکی دی کہ ایک گھنٹے میں پیر کو رہا نہ کیا گیا تو تھانہ بھی جلا دیں گے۔ مریدوں نے راولپنڈی فتح جنگ روڈ ٹائر جلا کر سڑک بھی بلاک کردی .بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔