ہفتہ‬‮ ، 28 دسمبر‬‮ 2024 

کوئی فرق نہیں پڑتا

datetime 15  فروری‬‮  2019
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سعودی عرب کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کل پاکستان تشریف لا رہے ہیں‘ سعودی وفد اور سپورٹنگ سٹاف بارہ سو لوگوں پر مشتمل ہو گا‘کراﺅن پرنس کافرنیچر‘ ایکسرسائز مشین‘کافی مشین‘ گاڑیاں‘ کپڑے‘ جوتے اور بیڈ پاکستان پہنچ چکا ہے‘ ڈاکٹر اور سیکورٹی کی ٹیمیں بھی آ چکی ہیں جبکہ پرنس کی ذاتی گاڑیاں آج پہنچ جائیں گی‘ حکومت نے دارالحکومت کے دو فائیو سٹار ہوٹلز سمیت آٹھ ہوٹلز مکمل بک کر لئے ہیں‘ہوٹلوں کے 750 کمرے حکومت کے پاس ہیں‘ مہمانوں کےلئے0 30 گاڑیاں بھی کرائے پر لے لی گئی ہیں‘

پنجاب ہاﺅس کی تزئین و آرائش بھی ہو چکی ہے اور ولی عہد کو ٹھہرانے اور گارڈ آف آنر‘ لنچ اور ڈنرز کےلئے وزیراعظم ہاﺅس کی صفائیاں‘ رینوویشن اور اپ گریڈیشن بھی ہو چکی ہے‘ وزیراعظم ہاﺅس کو دو دن میں ولی عہد کے سٹینڈر کے برابر بنادیا گیا اور یہ تمام انتظامات اور تمام اخراجات کون کر رہا ہے؟ یہ تاریخ کی غیرت مند ترین‘ کفایت شعار ترین اور خودکشی کو دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بہتر قرار دینے والی ایماندار ترین حکومت کر رہی ہے اور یہ تمام فنڈز اس وزیراعظم کے حکم سے جاری ہو ئے جو پوری زندگی ایسے انتظامات پر ”یہ تمہارے باپ کا پیسہ ہے“ کا نعرہ لگاتا تھا‘ آپ آج پرانے پاکستان کے عمران خان کی تقریریں اور انٹرویوز نکال کر دیکھ لیں‘ یہ آپ کو عرب شہزادوں کے بارے میں وہ کچھ کہتے نظر آئیں گے جو ہم آج دہرا بھی نہیں سکتے‘آپ کو یاد ہوگا یہ وہ وزیراعظم ہیں جو میاں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کی کنگ عبداللہ اور کنگ سلمان سے ملاقاتوں پر دونوں کو برا بھلا کہتے تھے‘ یہ کہتے تھے میں وزیراعظم بنا تو میں کشکول لے کر ملک ملک پھرنے کی بجائے خودکشی کر لوں گا اور میں مر جاﺅں گا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاﺅں گا لیکن چھ ماہ بعد جی ہاں صرف چھ ماہ بعد وہ انقلابی وزیراعظم‘ وہ انقلابی حکومت اور وہ انقلابی نیا پاکستان تینوں غائب ہو چکے ہیں اور ان کی جگہ پرانے سے بھی بدتر پاکستان سامنے آ گیا‘ آپ دل پر ہاتھ رکھ کر جواب دیجئے وہ سادگی‘ اپنی چادر کے اندر رہ کر پاﺅں پھیلانے اور وزیراعظم ہاﺅس کو یونیورسٹی بنانے کے دعوے آج کہاں ہیں؟

ہم نے آج جس وزیراعظم ہاﺅس کو ولی عہد کے شایان شان بنا یا کیا یہ وہی وزیراعظم ہاﺅس نہیں تھا جسے حکومت تین بار یونیورسٹی بنا چکی ہے‘ہم نے پہلے اس ”یونیورسٹی“ کو 6 جنوری کو یو اے ای کے ولی عہدشیخ محمد بن زید النہیان کےلئے ”بند“ کیا اور یہ آج پرنس محمد کےلئے بند ہو گئی‘ ہمارے وزیراعظم پاکستان کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جس نے ائیرپورٹ جا کر کسی ولی عہد کا استقبال بھی کیا‘ اس کی گاڑی بھی ڈرائیو کی اور اسے یونیورسٹی وزیراعظم ہاﺅس میں بھی ٹھہرایا اور تاریخ میں پہلی بار کسی ولی عہد کو گارڈ آف آنربھی دیا گیا اور ہم یہ نوازش کرتے ہوئے یہ بھی بھول گئے گارڈ آف آنر ہیڈ آف سٹیٹس کو دیا جاتا ہے ولی عہدوں کو نہیں‘

ہم آج پرنس محمد بن سلمان کو بھی سربراہ مملکت سے بڑھ کر استقبال اور پروٹوکول دے رہے ہیں‘ ہم ان کے اعزاز میں 21 توپیں بھی چلا ئیں گے اور پوری کابینہ ائیرپورٹ پر ان کا استقبال بھی کرے گی‘ ہمیں یہ کرنا بھی چاہیے‘ کیوں؟ کیونکہ سعودی عرب صرف ہمارا دوست نہیں یہ ہماری عقیدت کا دارالحکومت بھی ہے لیکن یہ تو پرانے پاکستان میں بھی ہوتا تھا پھر نئے پاکستان میں کیا نیا ہے؟ پرانے پاکستان کی حکومتیں بھی کشکول لے کر نکلتی تھیں اور مانگ تانگ کر ملک چلا لیتی تھیں‘ ان میں بھی شہزادوں اور وزراءعظم کے ذاتی مہمانوں کو سربراہ مملکت کے برابر پروٹوکول دیا جاتا تھا‘ پھر نیا کیا ہے؟

ہاں ایک چیز نئی ہے! پرانے پاکستان میں صرف وزیر خزانہ چیف بیگرہوتا تھا جبکہ نئے پاکستان میں یہ فریضہ وزیراعظم ادا کر رہے ہیں‘نئے پاکستان میں شہزادوں کی گاڑیاں بھی وزیراعظم ڈرائیو کرتے ہیں‘ آئی ایم ایف کی سربراہ کے ساتھ قرضے کی شرائط بھی وزیراعظم طے کرتے ہیں اور صدر ٹرمپ اور نریندر مودی کی ٹویٹس کا جواب بھی وزیراعظم دیتے ہیں اور یہ سلسلہ اگر اسی طرح جاری رہا تو مجھے یقین ہے وہ وقت دور نہیں جب ہمارے وزیراعظم شہزادوں کے بچوں کو کرکٹ بھی سکھانا شروع کر دیں گے اوریہ شہزادوں کو خوش کرنے کےلئے پاکستان میں کیمل ریس کا بندوبست بھی کرا دیں گے۔

ملک کے پچھلے چھ ماہ میں ملک کا جو حشر ہوا سو ہوا تاہم یہ غنیمت ہے وزیراعظم اور حکومت کو کنٹینر کی تقریروں اور زمینی حقائق کا فرق سمجھ آ گیا ‘ یہ لوگ یہ جان گئے صرف دعوﺅں اور تقریروں سے میٹروز نہیں بنتیں‘ اس کےلئے ٹیم چاہیے ہوتی ہے اور اگر ٹیم نہ ہو تو 17 ارب روپے کا پراجیکٹ 82 ارب روپے میں بھی مکمل نہیں ہوتا‘یہ لوگ یہ جان گئے تین سو ارب روپے کی کرپشن پکڑنے کے دعوے اور اس کرپشن کو عدالت میں ثابت کرنے میں بڑا فرق ہوتا ہے‘

یہ لوگ یہ جان گئے علیم خان اور اعظم سواتی جیسے لوگوں کے بغیر حکومتیں اور پارٹیاں بھی نہیں چلتیں اور پارٹیوں کو ان لوگوں کو سائیڈ پر کرنے کے نقصانات بھی بھگتنا پڑتے ہیں‘ یہ لوگ یہ جان گئے سسٹم چلانے کےلئے اہل وزیر اور اہل بیورو کریٹس دونوں ضروری ہوتے ہیں اور حکومت کو اگر بیورو کریٹس کا اعتماد حاصل نہ ہو تو فروری میں بھی کابینہ کے نومبر کے فیصلے پینڈنگ ہوتے ہیں‘ یہ لوگ یہ جان گئے حکومتوں کو روپے کی قیمت مستحکم رکھنے کےلئے روزانہ 50 ملین ڈالر مارکیٹ میں پھینکنے پڑتے ہیں‘

یہ لوگ یہ جان گئے حکومت اگر سرمایہ کاروں کو اعتماد نہ دے‘ یہ اگر بینکنگ سیکٹر کی مدد نہ کرے اور یہ اگر سٹاک ایکسچینج پر نظر نہ رکھے تو تیس چالیس ارب ڈالردنوں میںاڑ جاتے ہیں‘ یہ لوگ یہ جان گئے حکومت اگر بجلی اور گیس پر سبسڈی نہ دے تو لوگ خودکشیوں پر مجبور ہو جاتے ہیں اورحکومتوں کے اپنے سپورٹرز جھولیاں پھیلا پھیلا کر بددعائیں دیتے ہیں اور وزراءکےلئے گھروں سے نکلنا مشکل ہو جاتا ہے‘ یہ لوگ یہ جان گئے اپوزیشن اگر حکومت اور پارلیمنٹ کے ساتھ تعاون نہ کرے تو قانون سازی نہیں ہو سکتی اور اگر قانون پاس نہ ہوں تو سسٹم بیٹھ جاتا ہے‘

یہ لوگ یہ جان گئے ساہیوال جیسے واقعات حکومت کواندر اور باہر سے زخمی کر دیتے ہیں اور حکومتوں کےلئے عوام اور ادارے دونوں کو بچانامشکل ہو جاتا ہے‘ یہ لوگ یہ جان گئے ایکٹو میڈیا‘ پروایکٹو جوڈیشری اور سپر ایکٹو اسٹیبلشمنٹ کی موجودگی میں حکومت چلانا تار پر چلنے کے مترادف ہوتا ہے‘ یہ لوگ یہ جان گئے کلبھوشن جیسے جاسوسوں کو سرعام پھانسی دینا آسان نہیں ہوتا‘یہ لوگ یہ جان گئے نریندر مودی کو بڑے عہدے پر چھوٹا شخص قرار دے کر بھارت کو میز پر لانا آسان نہیں ہوتا‘

یہ لوگ یہ جان گئے امریکی اور فرنچ صدور کے ساتھ ٹھنڈے رویئے سے آئی ایم ایف کے پیکج کےلئے جوتے اور پیاز دونوں کھانا پڑتے ہیں‘ یہ لوگ یہ جان گئے حکومت بچانے کےلئے ٹھوس ثبوتوں کے باوجود آصف علی زرداری کو ڈھیل دینا پڑتی ہے‘ یہ لوگ یہ جان گئے نیب اور سرمایہ کاری ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے‘ یہ لوگ یہ جان گئے حکومت ایل این جی کے جہاز روک کر ملک میں گیس پوری نہیں کر سکتی‘ یہ لوگ یہ جان گئے محمود خان اور عثمان بزدار جیسے لوگ بوجھ ہوتے ہیں اور وزراءاعظم کو یہ بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھانا پڑتے ہیں‘

یہ لوگ یہ جان گئے حکومتوں کو ریلوکٹوں اور پھٹیچر کھلاڑیوںکو ملک میں لانے کےلئے بڑی منتیں کرنا پڑتی ہیں‘ یہ لوگ یہ جان گئے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر اصغر خان کیس بھی نبٹانا آسان نہیں ہوتا اور ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے مجرموں کو سزا دینا بھی ‘ یہ لوگ یہ جان گئے سادگی‘ کفایت شعاری‘ انصاف اور احتساب کے دعوے کرنا اور ان پر عمل کرنا دونوں میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے اور یہ لوگ یہ بھی جان گئے حکومت میاں شہباز شریف اور میاں نواز شریف کو این آر او نہ دینے کے جتنے چاہے اعلان کر لے لیکن پرنس محمد کی برکت سے یہ لوگ باہر آ کر اور باہر جا کر رہتے ہیں۔

میں حیران ہوں حکومت کے چھ ماہ گزرنے کے بعد بھی لوگ ان سے پوچھ رہے ہیں صاف پانی‘ کھلی اور شفاف ہوا‘ مفت انصاف‘ بے رحم اور اکراس دی بورڈ احتساب‘ اہل عہدوں پر اہل افسر اور غریب کےلئے سستی زندگی یہ سارے وعدے‘ یہ سارے دعوے کہاں ہیں؟یہ نادان لوگ حکومت سے پوچھ رہے ہیں آپ نے سو دنوں میں قوم کا مقدر بدلنا تھا‘ آپ نے پچاس لاکھ گھربھی بنانے تھے ‘آپ نے ایک کروڑ نوکریاںبھی دینی تھیں اور آپ نے پولیس کو غیر سیاسی بھی بنانا تھا‘ آج وہ پولیس‘ وہ نوکریاں اور وہ گھر کہاں ہیں؟

لوگ پوچھتے ہیں آپ نے ملک کی عزت نفس بھی بحال کرنی تھی‘ آپ نے ایف بی آر کا قبلہ بھی ٹھیک کرنا تھا اور آپ نے لوگوں کی ظالمانہ ٹیکسوں سے بھی جان چھڑانی تھی‘ آج وہ سب کہاں ہے؟اور لوگ پوچھ رہے ہیں آپ نے چھ ماہ میں کیا اچیو کیا!میں حیران ہوں لوگ ان سے یہ کیوں پوچھ رہے ہیں؟ کیالوگ اب تک یہ بھی نہیں جان سکے نیا پاکستان ایک بلبلہ تھا اور یہ بلبلہ اس دن پھٹ گیا تھا جس دن مراد سعید جیسے لوگ وزارتوں کی کرسیوں پر بیٹھے تھے ‘یہ دنیا بہت ظالم ہے ‘

یہاں حقائق اور دعوے مختلف ہوتے ہیں‘ یہاںخواب اور حقیقت میں بڑا فرق ہوتا ہے‘ آپ کو یقین نہ آئے تو آپ یہ فرق 16 فروری کو اس وزیراعظم ہاﺅس میں دیکھ لیجئے گا جسے ہم نے یونیورسٹی بنا دیا تھا‘ آپ پوری حکومت کو اس دن سعودی عرب کے ولی عہد کے سامنے قطار میں کھڑا بھی دیکھیں گے اورانہیں راضی کرنے کےلئے وہ حرکتیں کرتے بھی پائیں گے جو پرانے پاکستان کے پرانے حکمرانوں نے خواب میں بھی نہیں سوچی تھیں‘ میری حکومت سے درخواست ہے آپ مہربانی فرما کر 16 فروری کویوم آگاہی ڈکلیئر کر دیں اور قوم سے درخواست کریں یہ ہر 16 فروری کو اپنا گریبان پھاڑ کر یوم آگاہی منایا کرے

تاکہ اگلی نسلیں یہ جان سکیں دعوﺅں اورعمل میںبڑا فرق ہوتا ہے‘ اگلی نسلیں یہ بھی جان سکیں غربت دنیا کی سب سے بڑی حقیقت ہے اور آپ اگر غریب ہیں تو پھر پاکستان پرانا ہو یا نیا کوئی فرق نہیں پڑتا‘پھر کرسی اقتدار پر آصف علی زرداری بیٹھے ہوں یا میاں نواز شریف یا پھر عمران خان غریبوںکا گز اڑھائی فٹ ہی رہتا ہے‘ یہ پانی چھان کر ہی پیتے ہیں اور اگلی نسلیں یہ بھی جان سکیںنئے پاکستان صرف نئے حکمرانوں کےلئے ہوتے ہیں‘ عوام پرانے پاکستانوں میں پیدا ہوتے ہیں اور پرانے پاکستانوں ہی میں مرتے ہیں‘ آسمانوں سے ان کےلئے کوئی خوش خبری ‘ کوئی من و سلویٰ نہیں اترا کرتا۔



کالم



صدقہ


وہ 75 سال کے ’’ بابے ‘‘ تھے‘ ان کے 80 فیصد دانت…

کرسمس

رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…