یہ چند برس پرانی بات ہے‘ ایک امریکی نو مسلم نے قرآن مجید سے حقوق العباد سے متعلق اللہ تعالیٰ کے 100 احکامات جمع کئے‘ یہ احکامات پوری دنیا میں پھیلے مسلم سکالرز کو بھجوائے اور پھر ان سے نہایت معصومانہ سا سوال کیا ”ہم مسلمان اللہ تعالیٰ کے ان احکامات پر عمل کیوں نہیں کرتے“ مسلم سکالرز کے پاس اس معصومانہ سوال کا کوئی جواب نہیں تھا‘ مجھے چند دن قبل ایک دوست نے یہ احکامات ”فارورڈ“ کر دیئے‘ میں نے پڑھے اور میں بڑی دیر تک اپنے آپ سے پوچھتا رہا ”ہمارے رب نے ہمیں قرآن مجید کے ذریعے یہ احکامات دے رکھے ہیں‘ ہم میں سے کتنے لوگ ہیں جو اللہ تعالیٰ کے ان احکامات پر پورا اترتے ہیں“
میں یہ احکامات سو نمبر کا پرچہ سمجھ کرترجمہ کر رہا ہوں اور میں یہ آپ کے سامنے رکھ رہا ہوں‘ آپ پہلے یہ پرچہ حل کریں‘ پھر خود اس کی مارکنگ کریں‘ پھر اپنے پاس یا فیل ہونے کا فیصلہ کریں اور آخر میں یہ سوچیں ہم قیامت کے دن کیا منہ لے کر اپنے رب کے سامنے پیش ہوں گے‘ آپ کا یہ جواب فیصلہ کرے گا ہم کتنے مسلمان ہیں۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا ”ایک‘ گفتگو کے دوران بدتمیزی نہ کیا کرو“ حکم دیا‘ دو‘ غصے کو قابو میں رکھو‘ تین‘ دوسروں کے ساتھ بھلائی کرو‘ چار‘ تکبر نہ کرو‘ پانچ‘ دوسروں کی غلطیاں معاف کر دیا کرو‘ چھ‘ لوگوں کے ساتھ آہستہ بولا کرو‘ سات‘ اپنی آواز نیچی رکھا کرو‘ آٹھ‘ دوسروں کا مذاق نہ اڑایا کرو‘ نو‘ والدین کی خدمت کیا کرو‘ دس‘ منہ سے والدین کی توہین کا ایک لفظ نہ نکالو‘ گیارہ‘ والدین کی اجازت کے بغیر ان کے کمرے میں داخل نہ ہوا کرو‘ بارہ‘ حساب لکھ لیا کرو‘ تیرہ‘ کسی کی اندھا دھند تقلید نہ کرو‘ چودہ‘ اگر مقروض مشکل وقت سے گزر رہا ہو تو اسے ادائیگی کیلئے مزید وقت دے دیا کرو‘ پندرہ‘ سود نہ کھاؤ‘ سولہ‘ رشوت نہ لو‘ سترہ‘ وعدہ نہ توڑو‘ اٹھارہ‘ دوسروں پر اعتماد کیا کرو‘ انیس‘ سچ میں جھوٹ نہ ملایاکرو‘ بیس‘ لوگوں کے درمیان انصاف قائم کیا کرو‘ اکیس‘ انصاف کیلئے مضبوطی سے کھڑے ہو جایا کرو‘ بائیس‘ مرنے والوں کی دولت خاندان کے تمام ارکان میں تقسیم کیاکرو‘ تئیس‘ خواتین بھی وراثت میں حصہ دار ہیں‘ چوبیس‘ یتیموں کی جائیداد پر قبضہ نہ کرو‘ پچیس‘ یتیموں کی حفاظت کرو‘ چھبیس‘ دوسروں کا مال بلا ضرورت خرچ نہ کرو‘





















































