بدھ‬‮ ، 01 جنوری‬‮ 2025 

نواز شریف ذمہ دار ہیں

datetime 1  دسمبر‬‮  2017
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

میں بہرحال نواز شریف کو اس صورتحال کا ذمہ دار سمجھتا ہوں۔یہ درست ہے میاں نواز شریف نے چار برسوں میں اتنا کام کیا جتنا چالیس برسوں میں نہیں ہواتھا ‘ حکومت نے چار برسوں میں دہشت گردی 90 فیصد کم کر دی‘ لوگ یہ کریڈٹ فوج کو دیتے ہیں لیکن سوال یہ ہے فوج 2013ءسے پہلے بھی موجود تھی‘ جنرل اشفاق پرویز کیانی چھ سال فوج کے سربراہ رہے‘ یہ کام اگر صرف فوج کر سکتی تو جنرل کیانی ملک کو دہشت گردی سے پاک

کر دیتے‘ یہ ان کے دور میں کیوں نہیں ہوا؟ ہمیں ماننا پڑے گا میاں نواز شریف نے فوج کو پوری سپورٹ اور آزادی دی‘ نیشنل ایکشن پلان بنایا‘ فوجی عدالتیں بنائیں ‘ فنڈز دیئے اور فوج نے دہشت گردی کنٹرول کر لی چنانچہ کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے‘ حکومت نے کراچی میں امن بھی قائم کیا‘ کراچی میں 2013 ءمیں روزانہ ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی‘ تاجروں کو بھتے کی پرچیاں ملتی تھیں‘ شہر ہفتہ ہفتہ بند رہتا تھا اور صنعت کار‘ بزنس مین اور تاجر دوبئی شفٹ ہو رہے تھے‘ نواز شریف نے آ کر کراچی میں امن قائم کر دیا‘ لوگ اس اس کا کریڈٹ بھی رینجرز کو دیتے ہیں لیکن رینجرز تو 90ءکی دہائی سے کراچی میں موجود تھے‘ کراچی اس سے قبل ٹھیک کیوں نہیں ہوگیا؟ہمیں ماننا پڑے گا وفاقی حکومت نے رینجرز کو تمام قانونی اختیارات دیئے‘ ایپکس کمیٹیاں بنوائیں‘ فنڈز دیئے اور انہیں سیاسی دباﺅ سے بچائے رکھا چنانچہ کراچی کلیئر ہو گیا‘ میاں نواز شریف نے جیسے تیسے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ بھی حل کرا دیا‘ یہ لوگ چار برسوں میں نیشنل گرڈ میں دس ہزار میگا واٹ بجلی لے آئے‘ یہ قطر سے ایل این جی بھی لے آئے‘ میاں نواز شریف نے سی پیک بھی شروع کرا دیا‘ یہ سٹاک ایکسچینج کو بھی 19 ہزار سے 53 ہزار پوائنٹس تک لے گئے‘ ملکی معیشت بھی بہتر ہو گئی‘ ملک میں سڑکیں‘ پل اور موٹروے بھی بننے لگے‘ میاں شہباز شریف نے پنجاب کی حالت بدل دی‘ میٹرو ہو‘ اورنج لائین ٹرین ہو‘ ہائی ویز ہوں یا پھر انڈر

پاسز ہوں آپ کو بہرحال ن لیگ کو کریڈٹ دینا ہو گا‘ آپ کو ماننا پڑے گا آج پنجاب باقی تینوں صوبوں سے آگے ہے لیکن لوگ بجلی‘ گیس‘ اورنج لائین ٹرین اور میٹروز کا کریڈٹ بھی نواز شریف کی بجائے بھاری قرضوں کو دیتے ہیں لیکن سوال یہ ہے قرضوں کا آپشن تو ماضی کی حکومتوں کے پاس بھی تھا‘ وہ یہ آپشن کیوں نہیں لیتی رہیں‘ ہم فرض کر لیتے ہیں ماضی کی حکومتیں ملک کو کشکول سے بچانا چاہتی تھیں لیکن سوال یہ ہے کیا ملک آصف علی زرداری‘ پرویز مشرف اور بے نظیر بھٹو کے ادوار میں قرضوں اور کشکول سے آزاد تھا؟

اگر نہیں تھا تو وہ قرضے کہاں خرچ ہوتے رہے اور ان سے بجلی‘ سڑک‘ گیس اور میٹرو کے کتنے پراجیکٹ شروع ہوئے؟یہ اعتراض بھی کیا جاتا ہے حکومت کی ترجیحات درست نہیں ہیں‘ حکومت کو بجلی‘ گیس‘ سڑکوں اور میٹروز کی بجائے ہسپتالوں اور سکولوں پر توجہ دینی چاہیے تھی‘سوال یہ ہے ماضی کی حکومتوں نے میٹرو‘ سڑک‘ گیس اور بجلی نہیں بنائی‘ انہوں نے کتنے سکول اور کتنے ہسپتال بنا لئے‘ سندھ‘ کے پی کے اور بلوچستان کی حکومتیں آج بھی ان ”برائیوں“ سے بچی ہوئی ہیں‘

یہ لوگ اپنے صوبوں میں کتنے سکولوں اور کتنے ہسپتالوں کو یورپ کے سٹینڈرڈ تک لے آئے ہیں‘ عمران خان نے کے پی کے میں کسی میٹرو‘ کسی اورنج لائن ٹرین‘ کسی اوور ہیڈ اور کسی موٹر وے پر رقم ضائع نہیںکی لیکن اس کے باوجود پورے صوبے میں دل اور بچوں کے امراض کا کوئی ہسپتال نہیں‘ پورے صوبے کے بچے علاج کےلئے لاہور اور دل کے مریض اسلام آباد اور راولپنڈی آتے ہیں‘ سندھ حکومت نے بھی دس برسوں میں قومی خزانے کو میٹروز اور اورنج لائین ٹرین جیسی لغویات سے بچائے رکھا

لیکن یہ اس کے باوجود آج تک کراچی کا کچرہ صاف نہیں کر سکی اور بلوچستان حکومت نے 2008ءسے 2013ءتک وفاق سے 800 ارب روپے لئے‘ وہ رقم کہاں گئی‘ اس سے کتنے ہسپتال‘ کتنے سکول بن گئے‘ یہ کریڈٹ بہرحال نواز شریف کو جاتا ہے‘ حکومت نے رقم بھی خرچ کی اور اس سے ملک میں بہتری بھی آئی‘ لوگ سی پیک کا کریڈٹ بھی سابق حکومتوں اور چین کو دیتے ہیں لیکن سوال یہ ہے چین اور گوادر دونوں 2013ءسے پہلے بھی موجود تھے ‘

حکومتوں نے ماضی میں سی پیک شروع کیوں نہیں کر لیا چنانچہ ہمیں بہرحال دل کھلا کرکے میاں نواز شریف کا یہ کنٹری بیوشن بھی ماننا ہو گا‘ ان لوگوں نے ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں کام کیا‘ یہ ان کا کریڈٹ ہے تاہم یہ درست ہے حکومت نے چار برسوں میں بے تحاشہ قرضے لئے لیکن سوال یہ ہے آپ کے پاس قرضوں کے علاوہ کیا آپشن ہے‘ کیا ہمارے پاس تیل کے کنوئیں ہیں‘ کیا ہم صنعتی ملک ہیں اور کیا ہمارے ملک میں ہر سال دس بیس کروڑ سیاح آتے ہیں چنانچہ آپ ترقیاتی سکیموں اور ملک چلانے کےلئے سرمایہ کہاں سے لائیں گے‘

آپ کے پاس امداد اور قرضوں کے علاوہ کیا آپشن بچتا ہے؟ لیکن میں اس تمام تر کریڈٹ کے باوجود میاں نواز شریف کو ملک کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار سمجھتا ہوں‘ کیوں؟ ہم اب یہ ڈسکس کریں گے۔میاں نواز شریف جانتے تھے ملک بحران کا شکار ہے‘ امریکا سی پیک سے خوش نہیں‘ یہ کسی قیمت پر روس اور چین کے جہازوں کو بحیرہ عرب میں برداشت نہیں کرے گا‘ یہ جانتے تھے بھارت بلوچستان کو توڑنے کےلئے افغانستان اور ایران میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے‘

یہ جانتے تھے داعش کو پاکستان کے خلاف لانچ کیا جا رہا ہے اور میاں نواز شریف یہ بھی جانتے تھے ہماری اسٹیبلشمنٹ افغانستان اور بھارت کے معاملے میں بہت حساس ہے‘ ہم بھارت پر ستر سال سے سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور ہم نے افغانستان میں چالیس سال ضائع کئے ہیں‘ آج روس ہو‘ امریکا ہو یا پھر سارا یورپ ہو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کے بغیر افغانستان میں جنگ لڑ سکتی ہے اور نہ ہی وہاں امن قائم کر سکتی ہے‘ بھارت بھی پاکستان کے بغیر ٹیک آف کر سکتا ہے اور نہ ہی شائننگ انڈیا بن سکتا ہے‘

فوج ان دونوں ایشوز پر کتنی حساس ہے آپ اس کا اندازہ جنرل پرویز مشرف کے انجام سے لگا لیجئے‘ جنرل پرویز مشرف نے 2007ءمیں طے شدہ ضابطے سے انحراف کی کوشش کی‘ یہ ٹریک ٹو ڈپلومیسی کے ذریعے بھارت سے معاملات بھی طے کررہے تھے اور یہ افغانستان میں ”پاکستانی پالیسی“ سے بھی دائیں بائیں ہونے لگے تھے چنانچہ یہ اسٹیبلشمنٹ کو بوجھ محسوس ہونے لگے اور یہ بوجھ جلد اتار دیا گیا‘ ہمارے وکلاءکو اس غلط فہمی سے نکلنا ہو گا یہ عدلیہ کی بحالی کی تحریک کے اصل چیمپیئن ہیں یا یہ جمہوریت کو واپس لے کر آئے تھے‘ یہ پورا پراجیکٹ جنرل اشفاق پرویز کیانی کا تھا‘

یہ اصل طاقت تھے‘انہوں نے جنرل پرویز مشرف کو ان کے سارے منصوبوں کے ساتھ دودھ کی مکھی کی طرح نکالا اور نکال کر دوبئی اور لندن میں جا پھینکا‘ میاں نواز شریف اس حقیقت سے بھی واقف تھے‘ یہ جانتے تھے بے نظیر بھٹو کو کون واپس لایا اور یہ خود کس طرح وطن واپس آئے‘ یہ 2008ءسے 2013ءتک لاہور میں خاموش بیٹھنے کی وجوہات سے بھی واقف تھے اور یہ 2013ءمیں اقتدار میں آنے کی وجہ بھی جانتے تھے اور یہ عمران خان کے عروج وزوال کی وجوہات سے بھی آگاہ تھے لہٰذا پھر انہیں جانتے بوجھتے چھیڑ چھاڑ کرنے کی کیا ضرورت تھی؟یہ افغانستان اور بھارت کے ایشوز میں بلاوجہ کیوں مداخلت کرنے لگے‘

میاں صاحب کو نریندر مودی کے ساتھ دوستی کی پینگ بڑھانے‘ افغانستان پر امریکی بیانیہ کو سچ ماننے اور حامد کرزئی کے ساتھ اتفاق کی کیا ضرورت تھی؟ فوج محمود اچکزئی کے کردار سے مطمئن نہیں ‘ میاں نواز شریف کیوں انہیں سرعام اپنا دایاں بازو قرار دیتے رہے‘ پاکستان کے چند بزنس مینوں نے افغانستان کے موجودہ صدر اشرف غنی کے الیکشن میں مالی مدد کی ‘ میاں صاحب کو برا منانے کی کیا ضرورت تھی اور آپ کو فوج کے ہر مخالف کو اپنے گرد جمع کرنے کی بھی کیا ضرورت تھی؟

آپ معاملات کو ”پوائنٹ آف نو ریٹرن“ پر کیوں لے گئے ‘آپ اپنی ساری توجہ گورننس پر صرف کرتے‘ آپ اپنے ترقیاتی منصوبے مکمل کرتے‘ انفراسٹرکچر پورا کرتے‘ ادارے مضبوط کرتے‘ امن و امان بہتر بناتے‘ پولیس کی ری سٹرکچرنگ کرتے‘ ہسپتال اور سکول بناتے‘ صنعت کاری اور سٹاک ایکسچینج پر توجہ دیتے‘ پارلیمنٹ کو ساتھ لے کر چلتے‘ آپ ریلوے‘ پی آئی اے اور سٹیل مل کو قدموں پر کھڑا کرتے اور آپ بلدیاتی اداروں کو توانا بناتے‘ آپ آج قوم کے ہیرو ہوتے‘

آج پوری قوم آپ کے پیچھے کھڑی ہوتی لیکن آپ نے کرسی اقتدار پر بیٹھتے ہی بھارت اور افغانستان کا ایشو چھیڑ لیا‘ آپ نے اس ریڈ لائین پر قدم رکھ دیا جس پر آج تک اسٹیبلشمنٹ نے جنرل مشرف‘ جنرل ضیاءالحق اور جنرل ایوب خان کا قدم بھی برداشت نہیں کیا چنانچہ وہی ہوا جس کا ڈر تھا‘ملک تباہی کے دہانے پر آکھڑا ہوا۔ملک کے موجودہ حالات کا میاں نواز شریف کو اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا نقصان قوم اٹھا رہی ہے‘ میاں نواز شریف کے بچے لندن میں بیٹھے ہیں‘ یہ کھرب پتی ہیں‘

میاں نواز شریف کو بھی جیسے تیسے ”امیونٹی“ مل جائے گی‘امریکا‘ سعودی عرب یا چین انہیں بچا لے گا‘ پارلیمنٹ بھی میاں صاحب کو بچانے کےلئے کوئی نہ کوئی آئینی ترمیم کر لے گی اور میاں صاحب کو اگر سزا بھی ہو گئی تو بھی یہ اے اور بی کلاس میں رہیں گے‘ یہ جلد یا بدیر باہر آ جائیں گے لیکن ملک کا کیا بنے گا‘ قوم کا کیا ہو گا‘ قوم کو یہ قیمتی سال کون واپس کرے گا؟میں میاں نواز شریف کو ان حالات کا ذمہ دار سمجھتا ہوں‘ یہ اگر لیڈر ہیں تو پھر یہ معاملات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن پر کیوں لے آئے؟

میں سمجھتا ہوں وہ لیڈر جو اپنا غصہ‘ اپنی نفرت کنٹرول نہیں کر سکتا وہ لیڈر‘ لیڈر نہیں ہوتااور میاں صاحب یہاں مار کھا گئے‘ یہ پورے ملک کوتباہی کے دہانے تک لے آئے‘ یہ آگے بڑھتے ہیں تو ملک جائے گا اور یہ اگر پیچھے ہٹتے ہیں تو بھی ملک تباہ ہو جائے گا۔

 



کالم



پیرس کی کرسمس


دنیا کے 21 شہروں میں کرسمس کی تقریبات شان دار طریقے…

صدقہ

وہ 75 سال کے ’’ بابے ‘‘ تھے‘ ان کے 80 فیصد دانت…

کرسمس

رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…