جمعہ‬‮ ، 15 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

خون کا دریا

datetime 3  ستمبر‬‮  2017
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ہم کابل سے مزار شریف کےلئے روانہ ہو ں تو ہم 69 کلو میٹر بعد صوبہ پروان کے دارالحکومت چاریکار پہنچ جائیں گے‘ یہ شہر تاریخ میں دو حوالوں سے مشہور ہے‘ چنگیز خان اور خوارزم شاہ کے درمیان جنگ1221ءمیں چاریکار میں ہوئی تھی‘ جنگ میںخوارزم شاہ کو شکست ہوئی اور وہ ہندوستان بھاگ آیا‘ دوسرا حوالہ انگریزوں کی افغانوں سے جنگ ہے‘ یہ جنگ بھی چاریکار میں ہوئی اور افغانوں نے1841ءمیں یہاں برطانیہ کی پوری فوج کاٹ کر پھینک دی‘ صرف ایک انگریز ڈاکٹر اور ایک ہندوستانی پنڈت رام لال کشمیری بچا۔

چاریکار اس وقت پاکستان کے لحاظ سے بہت اہم شہر ہے‘ پاکستان کے زیادہ تر دشمن اس وقت چاریکار میں مقیم ہیں‘ تحریک طالبان پاکستان ہو‘ لشکر جھنگوی ہو‘بلوچستان لبریشن فرنٹ ہو یا پھر ایم کیو ایم لندن کے لوگ ہوں یہ تمام چاریکار میں ٹھکانے بنا کر بیٹھے ہیں‘ یہ لوگ چاریکار میں کیوں ہیں؟ تین وجوہات ہیں‘ پہلی وجہ‘ یہ نان پشتون علاقہ ہے‘ چاریکار میں تاجک زیادہ اور پشتون کم ہیں چنانچہ پاکستان کے باغی خود کواس علاقے میں زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں‘ دوسری وجہ‘یہ علاقہ افغان روس وار کے دوران شمالی اتحاد کے قبضے میں تھا‘ شمالی اتحاد بھارت نواز اور پاکستان دشمن تھا‘ بھارتی ایجنٹ آج بھی علاقے میں موجود ہیں ‘ یہ ایجنٹ ان لوگوں کو چاریکار میں ہر قسم کی مدد فراہم کرتے ہیں اور تیسری وجہ‘ یہ شہر کابل سے باہر ہونے کے باوجود وفاقی دارالحکومت سے آدھ گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے ‘ یہ لوگ وفاقی حکومت پر نظر رکھتے ہیں اور وفاقی حکومت ان پر چیک رکھتی ہے‘اب سوال یہ ہے کیا افغان حکومت ان لوگوں کی موجودگی سے واقف نہیں؟ افغان حکومت نہ صرف ان کی موجودگی سے واقف ہے بلکہ یہ انہیں ہر قسم کی سہولتیں بھی فراہم کر تی ہے‘ یہ لوگ گھروں میں رہتے ہیں‘ ان کے باقاعدہ دفاتر ہیں‘ ان کے ٹریننگ کیمپس ہیں‘ انہیں فون اور انٹرنیٹ کی سہولت حاصل ہے‘ ان کے پاس شناختی کاغذات ہیں اور یہ لوگ ملک بھر میں ذاتی گاڑیوں پر سفر کرتے ہیں‘ افغان حکومت نے پاکستان کے انتہائی مطلوب ملا فضل اللہ کو ”سواتی مہاجر“ قرار دے رکھا ہے اور اسے ساتھیوں سمیت رہائش گاہیں اور سیاسی پناہ فراہم کر رکھی ہے‘ یہ ”سواتی مہاجر“ افغانستان میں بیویوں اور بچوں کے ساتھ مقیم ہیں اور انہیں یہاں دنیا جہاں کی سہولتیں حاصل ہیں‘ کابل شہر میں ”نائین زیرو“ کے نام سے ایم کیو ایم لندن کا مرکز بھی بن چکا ہے ‘ اس میں ایم کیو ایم لندن کے سو سے زائد ورکرز موجود ہیں‘ یہ لوگ وہاں کیوں ہیں اور یہ وہاں کیا کر رہے ہیں یہ بات اب کوئی ڈھکی چھپی نہیں رہی‘ یہ لوگ بارود ہیں اور یہ بارود بھارت افغانستان کی مدد سے پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے‘

ہمارے ستر ہزار شہری چاریکار میں موجود اس بارود کا رزق بن چکے ہیں‘ یہ ایک حقیقت ہے‘ آپ اب دوسری حقیقت ملاحظہ کیجئے‘میں آپ کو چند لمحوں کےلئے ماضی میں لے جانا چاہتا ہوں‘ آپ کو یاد ہوگا سوویت یونین نے دسمبر 1979ءمیں افغانستان پر قبضہ کر لیا تھا‘ امریکا اس قبضے کے خلاف تھا‘ یہ روس کو دریاآمو کے پار ازبکستان تک محدود رکھنا چاہتا تھا‘کیوں؟کیونکہ سوویت یونین افغانستان پہنچنے کے بعد گرم پانیوں کے قریب ہو جاتا اور یہ امریکا کومنظور نہیں تھا‘ پاکستان امریکاکی مجبوری سے واقف تھا‘ یہ آگے بڑھا اور اس نے امریکا کو اپنی ”سروسز“ پیش کر دیں‘

امریکا نے ڈالر اور اسلحہ دیا‘ہم نے مجاہدین فراہم کئے اور یوں افغانستان دو سپرپاورز کا میدان جنگ بن گیا‘ یہ سلسلہ دس سال جاری رہا‘ افغان وار کے چار فریق تھے‘ روس‘ افغان ‘مجاہدین اور امریکا‘آپ بدقسمتی ملاحظہ کیجئے یہ چاروں جنگ کے آخر میں پاکستان کے مخالف ہو گئے ‘ آپ روس کی مثال لیجئے‘روس کو افغان وار میں شکست ہوئی اور یہ افغانستان خالی کرنے پر مجبور ہوگیا‘ یہ 1989ءسے پاکستان کو اپنی شکست کا ذمہ دار سمجھ رہا ہے‘دوسرا فریق افغانستان اس جنگ میں مکمل طور پر تباہ ہو گیا‘ افغانوں کی دو نسلیں جنگ کے دوران پیدا ہوئیں اور یہ جنگ کی ذلت کے ساتھ جوان ہوئیں‘ افغان اپنی اس ذلت کا ذمہ دار پاکستان کو گردانتے ہیں‘ یہ سمجھتے ہیں پاکستان ان کے نام پر امریکا سے ڈالر بٹورتا رہا‘

یہ ان کی لاشیں بیچتا رہا چنانچہ یہ بھی ہم سے نفرت کرتے ہیں‘ تیسرا فریق امریکا تھا‘ امریکایہ سمجھتا ہے یہ 1980ءسے پاکستان کو اربوں ڈالردے رہا ہے لیکن پاکستان اس امداد کے باوجود افغانستان میں امریکی مقاصد پورے نہیں کر رہا ہے لہٰذا یہ بھی اب ہم سے نفرت کرتا ہے اور پیچھے رہ گئے مجاہدین‘ امریکا نے 1980ءمیں عربوں کے ساتھ مل کر مجاہدین کے لشکر تیار کئے‘یہ لشکر پاکستان لائے گئے‘ پاکستان ان کا میزبان تھا‘پاکستان نے اپنی سرزمین کو بھی مجاہدین کی پنیری بنا دیا ‘ پاکستانی مجاہدین عرب اور افغان مجاہدین کے ساتھ مل کر 1989ءتک روس سے لڑتے رہے‘

امریکا افغان وار میں مجاہدین کا سپورٹر اور پاکستان میزبان تھا لیکن جوں ہی جنگ ختم ہوئی تو امریکا اور پاکستان دونوں نے مجاہدین کو فراموش کر دیا‘افغانستان کی صورتحال دگرگوں ہوگئی‘مجاہدین نے ایک دوسرے کے گلے کاٹنے شروع کر دیئے‘ افغانستان میں1994ءمیں طالبان حکومت بنی تو پاکستان نے اسے تسلیم کر لیااوریوں طالبان پاکستان بھائی بھائی ہو گئے‘ یہ تعلقات 2001ءتک چلتے رہے‘ نائین الیون کے بعد پاکستان اچانک طالبان کے خلاف امریکا کا اتحادی بن گیا‘ طالبان پاکستان کی اس شفٹنگ کو ہضم نہ کر سکے چنانچہ یہ بھی پاکستان کے دشمن ہو گئے۔

اب صورتحال یہ تھی روس پاکستان کا دشمن‘ افغان مجاہدین پاکستان کے دشمن‘ عرب مجاہدین پاکستان کے دشمن‘ طالبان پاکستان کے دشمن اور پاکستانی مجاہدین بھی پاکستان سے ناراض‘ یہ تمام ناراضگیاں اور دشمنیاں دباﺅ بنیں اور یہ دباﺅ افغانستان کی صورتحال کو طورخم بارڈر سے پاکستان لے آیا‘ پاکستانی مرنے لگے اور یہ مرتے چلے گئے‘ پاکستانی شہداءکی تعداد 70 ہزار ہو چکی ہے‘پاکستانی لوگ بھی اب ان شہداءکا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتے ہیں‘ہمیں یہاں یہ حقیقت بھی ماننی ہو گی سوویت یونین افغان وار کے بعد ٹوٹ گیا‘ یہ روس بن گیا لیکن یہ اپنی شکست نہیں بھولا‘

یہ 27 برس سے ان مجاہدین کو امریکا کے خلاف استعمال کرنا چاہتا ہے جنہوں نے 80 ءکی دہائی میں امریکا کے ساتھ مل کر روس کو شکست دی تھی‘ روس 1994ءسے طالبان سے رابطے کی کوشش کر رہا ہے‘ روسی حکومت نے طالبان انقلاب کے شروع میں ملا عمر کو ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی لیکن طالبان نے یہ آفر مسترد کردی‘ اسامہ بن لادن نے 1998ءمیں خوست میں پاکستانی صحافیوں سے ملاقات کی ‘ صدر بل کلنٹن نے ملاقات سے اگلے دن خوست اور جلال آباد میں اسامہ بن لادن کے ٹھکانوں پرمیزائل داغ دیئے‘ کے جی بی نے اس حملے کے فوراً بعد قندہار میں ملا عمر سے دوسری بار رابطہ کیا‘ انہیں امریکا کے خلاف مدد کی پیش کش کی لیکن ملا عمر نے اس بار بھی انکار کر دیا‘

روس نے تیسری پیشکش 1999ءمیں کی‘ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے امریکا کے دباﺅ پر15 اکتوبر 1999ءکو طالبان حکومت کے خلاف اقتصادی پابندیاں لگا دی تھیں‘ روس نے اس وقت بھی طالبان کی طرف ہاتھ بڑھایا لیکن ملا عمر نے فیکس پھاڑ کر پھینک دی‘روس نے چوتھی آفر نائین الیون کے بعد کی‘ امریکا نے 7 اکتوبر2001ءکو افغانستان پر حملہ کر دیا‘ کے جی بی کے اعلیٰ عہدیدار تاجکستان پہنچے‘طالبان کی سیکرٹ ایجنسی کے سربراہ احمد اللہ سے رابطہ کیا اور انہیں پیشکش کی ”ہم آپ کو اسلحہ دیں گے‘ پیسہ دیں گے‘ ٹریننگ دیں گے اور سفارتی مدد دیں گے‘ آپ بس اپنا ہاتھ ہمارے ہاتھ میں دے دیں“ لیکن طالبان نے اس بار بھی انکار کر دیا‘ احمد اللہ بعد ازاں پکتیا میں میزائل حملے میں مارا گیا‘ افغانستان میں طالبان حکومت ختم ہو گئی لیکن روس طالبان سے رابطے میں رہا‘ یہ انہیں مسلسل تعاون کی پیشکش کرتا رہا مگر یہ لوگ 2015ءتک انکار کرتے رہے ‘

طالبان 2015ءکے آخر میں روس سے ہاتھ ملانے پر مجبور ہوگئے‘ یہ صدر پیوٹن کے ڈائریکٹ ”کانٹیکٹ“ میں آ گئے‘ روس نے انہیں شمالی اتحاد سے سٹینگر میزائل خرید کر دیئے‘ طالبان اب ان میزائل کے ذریعے افغانستان میں امریکی ہیلی کاپٹر گرا رہے ہیں‘ یہ سٹینگر میزائل امریکا نے افغان وار کے دوران مجاہدین کو فراہم کئے تھے ‘ یہ روس کی شکست کا باعث بنے تھے‘ روس نے ایک کروڑ ڈالر فی میزائل بولی لگا دی ہے‘ یہ سابق مجاہدین سے میزائل خریدتا ہے اور موجودہ مجاہدین کے حوالے کر دیتا ہے اور موجودہ مجاہدین افغانستان میں امریکی ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہیں‘ تحریک طالبان افغانستان کے سابق امیر ملا منصور بھی روسی رابطے میں تھے‘ یہ ایران جا کر روسیوں سے ملاقات کرتے تھے‘

یہ 21مئی 2016ءکو روسیوں سے مل کر ایران سے واپس آ رہے تھے اور یہ بلوچستان کے علاقے احمد وال میں امریکی ڈرون کا نشانہ بن گئے‘ یہ پاکستان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ہولڈر تھے‘ یہ پاکستانی پاسپورٹ پر 18 مرتبہ پاکستان سے باہر گئے‘ملا منصور نے 13 مرتبہ کراچی ائیرپورٹ اور ایک بار کوئٹہ ائیر پورٹ استعمال کیا‘ ملا منصور کی بیگمات اور بچے کراچی میں رہتے تھے‘ یہ لوگ شاید اب بھی کراچی میں موجود ہیں‘ طالبان دعویٰ کرتے ہیں‘ صدر پیوٹن نے ملا منصور کی ہلاکت پر لواحقین کو تعزیتی خط لکھا تھا‘ ملا منصور کی ایران میں روسیوں سے ملاقاتیں اور صدر پیوٹن کا خط ثابت کرتا ہے طالبان اب روسیوں کے کنٹرول میں ہیں‘ روس انہیں اسلحہ بھی دے رہا ہے‘ پیسہ بھی‘ ٹریننگ بھی اور سیٹلائیٹ کی سہولت بھی‘ یہ لوگ ان سہولتوں کی مدد سے افغانستان میں افغان حکومت اور امریکا دونوں کی اینٹ سے اینٹ بجا رہے ہیں‘آپ اب افغانستان کی صورتحال ملاحظہ کیجئے ۔(جاری ہے)



کالم



23 سال


قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…

عزت کو ترستا ہوا معاشرہ

اسلام آباد میں کرسٹیز کیفے کے نام سے ڈونٹس شاپ…

کنفیوژن

وراثت میں اسے پانچ لاکھ 18 ہزار چارسو طلائی سکے…

ملک کا واحد سیاست دان

میاں نواز شریف 2018ء کے الیکشن کے بعد خاموش ہو کر…

گیم آف تھرونز

گیم آف تھرونز دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے…