اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سعودی عرب کے شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے سرکاری اسکولوں میں آئندہ ہفتے سے موسم سرما کے نئے اوقاتِ کار نافذ کیے جا رہے ہیں۔
اس حوالے سے محکمہ تعلیم نے لڑکوں اور لڑکیوں کے اسکولوں کے لیے صبح کی اسمبلی اور تدریسی سرگرمیوں کے آغاز کے اوقات میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مدینہ منورہ میں تمام سرکاری اسکولوں کے لیے اتوار 25 اکتوبر سے موسم سرما کا شیڈول نافذ ہوگا۔ نئے نظام کے تحت لڑکوں کے اسکولوں میں صبح کی اسمبلی ساڑھے 7 بجے ہوگی، جبکہ تدریسی عمل کا آغاز پونے 8 بجے پہلے پیریڈ سے ہوگا۔مدینہ منورہ میں لڑکیوں کے سرکاری اسکولوں کے اوقات بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔ ان اسکولوں میں صبح کی اسمبلی 7 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوگی، جبکہ پہلا پیریڈ ساڑھے 7 بجے شروع کیا جائے گا۔
دوسری جانب مکہ مکرمہ کے محکمہ تعلیم نے خطے کے سرکاری اسکولوں میں پیر 26 اکتوبر سے موسم سرما کے اوقات نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق صبح کی اسمبلی سوا 7 بجے ہوگی اور پہلا تدریسی پیریڈ ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔محکمہ تعلیم کے حکام نے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ نئے اوقاتِ کار پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ تدریسی سرگرمیاں باقاعدگی سے جاری رہیں اور طلبہ کو تعلیم کے لیے بہتر ماحول میسر آسکے۔حکام نے والدین سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ بچوں کو مقررہ وقت پر اسکول پہنچانے کا اہتمام کریں۔ ان کے مطابق وقت کی پابندی سے اسکولوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور تعلیمی دن کا آغاز بہتر انداز میں کرنے میں مدد ملے گی۔



















































