ریاض(ا نٹرنیشنل ڈیسک)سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک حالیہ ویڈیو میں سعودی پولیس اہلکار اور عمر رسیدہ خاتون کے درمیان انسانی جذبوں سے عبارت دل موہ لینے والا منظر انتہائی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بزرگ خاتون عازمہ حج کو سخت گرمی کے اثرات اپنے پیروں پر محسوس ہونے لگے تو وہ پریشانی میں سڑک کنارے کھڑی ہو گئیں۔ اسی لمحے ڈیوٹی پر موجود ایک
پولیس اہلکار ان کی پریشانی دیکھ کر ان کی مدد کو لپکا۔پولیس اہلکار نے گرمی سے ستائی خاتون کی مشکل بھانپتے ہی اپنے جوتے اتارے اور زمین پر بیٹھ کر ان کے پیروں میں پہنانے لگا۔ اس منظر کو قریب سے گذرنے والے بہت سے حاجیوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا جبکہ متعدد نے اسے کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کر کے سوشل میڈیا کے توسط سے دنیا پھر میں پہنچا دیا۔سوشل میڈیا پر پولیس اہلکار کے انسانی جذبے کو بہت زیادہ سراہا جا رہا ہے۔