اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک 1روپے 23 پیسے اور دیگر تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کے لیے بجلی 2روپے 8پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا نوٹیفکشن جاری کردیا ہے۔اپریل کے بجلی کے بلز میں مجموعی طور پر صارفین کو13ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کے لیے دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1روپے 23پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔کے الیکٹرک کے صارفین نے دسمبر 2014 میں 1ارب 6کروڑیونٹ بجلی استمال کی تھی۔دوسری جانب نیپرا نے ملک بھر کی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کے لیے بجلی 2روپے 8پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی کی گئی ہے۔صارفین نے جنوری میں 6ارب 88لاکھ یونٹ بجلی استعمال کی تھی۔جنوری کے لیے ریفرنس فیول لاگت 11روپے 36 پیسے فی یونٹ مقرر تھی جبکہ اصل لاگت 9روپے 27پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔جنوری میں 6ارب 85کروڑ یونٹ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فروخت کی گئی، جنوری میں بجلی کی پیداوار پر مجموعی فیول کی لاگت 55ارب 75کروڑ 44لاکھ روپے رہی۔جنوری میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار پر فیول لاگت 4روپے 49پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل سے 14روپے 91 پیسے، فرنس آئل سے 10 روپے 26 پیسے اور گیس سے بجلی کی پیداوار پر فیول لاگت 4روپے 27پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔نیپرا نے کے الیکٹرک اور تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ اپریل کے بلوں میں صارفین کو ریلیف منتقل کیا جائے۔نیپرا کی ہدایت کے مطابق صارفین کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں کمی واضح طور پر درج کی جائے۔نوٹیفکیشن کے مطابق 50یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر بجلی کے نرخوں میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں