کراچی(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیرپیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ ایل این جی کی در آمد کے معاہدے کواگلے ہفتے حتمی شکل دی جائیگی،درآمدی ایل این جی بجلی اور کھاد کے شعبوں کوفراہم کی جائیگی،ایل این جی توانائی کے دوسرے ذرائع کے مقابلے میںسستی ہے۔اس سے بجلی کے نرخوں کوکم کرنے میں مددملے گی۔پورٹ قاسم پرمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے آنہوں نے کہا کہ درآمدی مائع قدرتی گیس سے نہ توگھریلوصارفین پرکوئی اضافی بوجھ پڑے گااور نہ ہی آن کیلئے کوٹے میں کمی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ مائع قدرتی گیس کی درآمدایک مہینے کے اندر شروع ہوجائیگی،صوبوں کیلئے گیس کے کوٹے میں کوئی کمی نہیں کی جائیگی،انہوں نے بتایاکہ مائع قدرتی گیس کی درآمدکے علاوہ توانائی کے شعبے میں دومزید منصوبوں پربھی کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ اینگروٹرمینل پر لنگرانداز ہونیوالے بحری جہازمیں7ہزارٹن ایل این جی لائی گئی ہے، ٹرمینل کا حجم یومیہ 600ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد ہے اور31مارچ سے 200ایم ایم سی ایف ڈی گیس روزانہ کی بنیادوں پر سسٹم آجائے گی۔