اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے ایک ماہ کے دوران لیسکو کے بیس کروڑ روپے کے بلوں کی وصولی نہ ہونے سے سینکڑوں کنکشن منقطع کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق
بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ایک ماہ کے دوران لیسکو کے کروڑوں روپے کی ریکوری نہیں ہو سکی۔ ٹوئنٹی فور نیوز کے مطابق دستاویزات کے مطابق لیسکو ڈویژن میں جولائی کے مہینے میں 20 کروڑ روپے کے واجبات وصول نہیں ہو سکے جس پر سینکڑوں صارفین کے کنکشن منقطع کر دیے گئے۔ جون کے مہینے میں کمپنی کے ڈیڈ ڈیفالٹرز کے ذمہ 18 ارب 75 کروڑ روپے واجب الادا تھے جو جولائی میں عدم ادائیگی کی وجہ سے بڑھ کر 18 ارب 95 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔ کمپنی نے نادہندگان کے کنکشن منقطع کر دیے تاہم ریکوری نہیں کی جا سکی ہے۔ منقطع ہونے والوں میں گھریلو، کمرشل اور انڈسٹریل صارفین شامل ہیں۔ بجلی کے بھاری بھرکم بلز آنے کی وجہ سے صارفین کو ادائیگی کرنا مشکل ہو گئی ہے جبکہ اقساط پر پابندی کی وجہ سے بھی صارفین بلوں کی ادائیگی کرنے میں ناکام ٹھہرے۔