لاہور( این این آئی)سپریم کورٹ کی جانب سے پرویز الٰہی کے بطور وزیر اعلیٰ حلف اٹھانے کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد پنجاب پولیس کی سکیورٹی اور پروٹوکول کی گاڑیاں ان کی رہائشگاہ ظہور الٰہی روڈ پر پہنچ گئیں ۔ پرویز الٰہی کے بطور وزیر اعلیٰ منصب کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان کی رہائشگاہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی جبکہ ان کی رہائشگاہ کی طرف آنے والے راستوں پر
بھی پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے ۔ اعلیٰ پولیس افسران کی سربراہی میں پروٹوکول کی گاڑیاں بھی ظہور الٰہی روڈ پر پہنچ گئیں دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوںکے ہمراہ اپنی رہائشگاہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ سنا ،حق میں فیصلہ آتے ہی تمام رہنما ایک دوسرے سے گلے ملے اور مبارکباد پیش کی جبکہ اس موقع پر رہنمائوںنے پرویز الٰہی کو پھولوں کے ہار پہنائے ،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے دیگر کئی رہنما اور اراکین بھی چوہدری پرویز الٰہی کو مبارکباد دینے ان کی رہائشگاہ پہنچ گئے ، پی ٹی آئی اور (ق) لیگ کے کارکنوںنے بھی چوہدری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ کے باہر جمع ہو کر جشن منایا، کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالے اور قیادت کے حق میں نعرے لگائے ۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے اپنی رہائشگاہ پر مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کے رہنمائوں کے ہمراہ بیٹھ کر فیصلہ سنااور جیسے ہی سپریم کورٹ کی جانب سے پرویز الٰہی کے حق میں فیصلہ دیا گیا تو تمام رہنماخوشی سے ایک دوسرے سے گلے ملے اور بھرپور مبارکباد دی ۔
اس موقع پر رہنمائوںنے پرویزالٰہی کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے او رمٹھائی بھی کھلائی ۔ فیصلے کے بعد تحریک انصاف اور (ق) لیگ کے دیگر رہنما بھی مٹھائیاں لے کر ان کی رہائشگاہ پر پہنچ گئے اور انہیں مبارکباد دی اور پھولوں کے ہار پہنائے ۔
مسلم لیگ(ق) اور پی ٹی آئی کے کارکنان بھی ظہور الٰہی روڈ پر چوہدری پرویزالٰہی کی رہائشگاہ کے باہر جمع ہو گئے اور بھرپو رجشن منایا ۔ کارکنان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔
رہنمائوں نے کی جانب سے جشن منانے والے کارکنوں میں بھی مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ کارکنوں کے جشن کی وجہ سے ظہو رالٰہی روڈ اور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دبائو رہا ۔
تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنوں نے جیل روڈ آفس پر عدالتی فیصلہ سنااور سپریم کورٹ کا فیصلہ آتے ہی رہنمائوں اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے اور مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔